صدرِ کو 71ویں سالگرہ پر دلی مبارکباد پیش،ان کی صحت، درازی عمر، کامیابی اور مزید عوامی خدمت کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار
اسلام آباد(الفجرآن لائن) چیئرپرسن بینظیر انکم سپورٹ پروگرام (بی آئی ایس پی)سینیٹر روبینہ خالد نے صدرِ مملکت آصف علی زرداری کو ان کی 71ویں سالگرہ پر دلی مبارکباد پیش کرتے ہوئے ان کی صحت، درازی عمر، کامیابی اور مزید عوامی خدمت کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا ہے۔اپنے تہنیتی پیغام میں سینیٹر روبینہ خالد نے کہا کہ آصف علی زرداری نے ہمیشہ جمہوریت، آئین اور وفاق کے استحکام کے لیے تاریخی کردار ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ صدر آصف علی زرداری کی سیاسی بصیرت، مفاہمت کی سیاست اور جمہوری نظام سے وابستگی پاکستان کی سیاسی تاریخ کا ایک اہم باب ہے۔
انہوں نے کہا کہ صدر آصف علی زرداری نے مشکل ترین حالات میں بھی جمہوری نظام کو مضبوط بنانے، عوامی خدمت، آئین کی بالادستی اور قومی مفاد کے تحفظ کے لیے قابلِ قدر خدمات انجام دیں، جنہیں ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔چیئرپرسن بی آئی ایس پی نے کہا کہ شہید محترمہ بینظیر بھٹو کے وژن کو آگے بڑھانے میں آصف علی زرداری کا کردار ناقابلِ فراموش ہے، جبکہ ان کی قیادت ملک میں سیاسی استحکام، قومی یکجہتی اور عوامی فلاح کے فروغ کے لیے نہایت اہمیت کی حامل ہے۔سینیٹر روبینہ خالد نے مزید کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کی قیادت نے ہمیشہ عوامی حقوق، جمہوریت اور آئینی بالادستی کے لیے جدوجہد کی ہے، اور پوری قوم صدرِ مملکت آصف علی زرداری کی قومی خدمات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالی صدرِ مملکت آصف علی زرداری کو صحت، سلامتی، درازی عمر اور مزید عوامی خدمت کی توفیق عطا فرمائے، اور ان کی قیادت میں جمہوری روایات مزید مضبوط ہوں جبکہ پاکستان ترقی، استحکام اور خوشحالی کی راہ پر گامزن رہے۔

