اسلام آباد(الفجرآن لائن)وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑنے کہا ہے کہ جوائنٹ ایکشن کمیٹی کا کشمیر کاز اور کشمیر کے عوام کے مفاد سے کوئی تعلق نہیں ہے،اگر یہ کشمیر کاز سے اتنے ہی مخلص ہیں تو یہ الیکشن کیوں نہیں لڑتے،اس کے تانے بانے بھارت سے ملتے ہیں۔
کالعدم جوائنٹ ایکشن کمیٹی کا گٹھ جوڑ بھارت کے ساتھ ثابت ہو چکا ہے، ہمارے پاس اس کے ناقابل تردید شواہد موجود ہیں، کشمیر کے عوام نے یہ ثبوت دیا ہے کہ پاکستان اور کشمیر کا رشتہ نہ ٹوٹ سکتا ہے نہ کمزور ہو سکتا ہے۔
خصوصی گفتگو کرتے ہوئے وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑ نے کہا کہ کچھ اہم حقائق سے قوم کو آگاہ کرنا ضروری ہے، ڈیجیٹل مارکیٹنگ سروس کرنے والے ایک شخص کو کچھ عرصہ پہلے ہماری سیکورٹی اداروں نے گرفتار کیا۔
اس شخص کی جانب سے فراہم کی جانے والی ڈیجیٹل سروسز کے تانے بانے انڈیا سے ملتے تھے، پاکستان مخالف مواد کو وائرل کرنے کے لئے ادائیگیاں انڈیا سے ہو رہی تھیں۔
وزیر اطلاعاتگرفتار شخص سے جب تحقیقات کی گئیں تو تمام تر معلومات تک رسائی حاصل کی گئی، بوٹ فارمز کے ذریعے مس انفارمیشن کے پورے نیٹ ورک چلایا جا رہا تھا جس کا تعلق بھارت سے ہے،پاکستان، پاکستان کی سالمیت، حکومت، فوج، آرمی چیف اور اداروں کے خلاف مواد کو وائرل کیا جا رہا تھا۔
وزیر اطلاعات نے بتایا کہ دوران تفتیش اس شخص نے انکشاف کیا کہ زیادہ تر اسے ملنے والا مواد آزاد کشمیر میں جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے حوالے سے تھا، ہم شروع سے کہہ رہے تھے کہ جوائنٹ ایکشن کمیٹی کشمیر کاز کو نقصان پہنچانا اور کشمیر کا پاکستان سے رشتہ کمزور کرنا چاہتی ہے۔
جوائنٹ ایکشن کمیٹی کا کشمیر کاز اور کشمیر کے عوام کے مفاد سے کوئی تعلق نہیں ہے،اگر یہ کشمیر کاز سے اتنے ہی مخلص ہیں تو یہ الیکشن کیوں نہیں لڑتے،انہوں نے پرتشدد احتجاج سے کشمیری پولیس کے جوانوں کو شہید کیا۔
انہوں نے کشمیر کے اندر تشدد کی سیاست کی، امن و امان کی صورتحال پیدا کی، اس کے تانے بانے بھارت سے ملتے ہیں، ہمارے پاس اس کے ناقابل تردید شواہد موجود ہیں۔
ان عناصر نے اسلحہ اور ڈنڈے کے زور پر ایک تحریک شروع کرنے کی کوشش کی جس کا کشمیر کے عوام کے مفاد یا کشمیر کاز سے کوئی تعلق نہیں تھا۔انہوں نے کہا کہ یہ سازشی عناصر کشمیر کے اندر ایسی صورتحال پیدا کرنا چاہتے تھے جس سے نہ صرف کشمیریوں کو نقصان پہنچے ۔
بلکہ ان کا پاکستان سے رشتہ بھی کمزور ہو،کشمیر کے عوام نے سازشی عناصر کی تشدد کی سیاست کو رد کر دیا ہے، کشمیر کے عوام نے یہ ثبوت دیا ہے کہ پاکستان اور کشمیر کا رشتہ نہ ٹوٹ سکتا ہے نہ کمزور ہو سکتا ہے۔
وزیر اطلاعات نے کہا کہ سوشل میڈیا پر ڈیجیٹل مارکیٹنگ کے ذریعے ملک مخالف مہم چلائی گئی، بھارت چاہتا ہے کہ کشمیر کے اندر امن و امان کی صورتحال پیدا ہو، سوشل میڈیا پر جتنا بھی مواد تھا اس کی ادائیگیاں بھارت سے کی جاتی رہیں۔
دشمن سے فنڈنگ لے کر پاکستان، پاکستان کی فوج اور پاکستان کی قیادت کے خلاف نفرت پر مبنی ڈس انفارمیشن مہم چلائی گئی، شرپسند عناصر کی بھارتی فنڈنگ کے ثبوت سب کے سامنے ہیں۔
کالعدم ایکشن کمیٹی کے شرپسند عناصر پوری قوم کو جوابدہ ہیں۔ عطاء اللہ تارڑنے کہا کہ جنگ میں بھارت کے خلاف پاکستان کی کامیابی کو پوری دنیا مانتی ہے، عسکری محاذ کے بعد سفارتی محاذ پر بھی پاکستان نے کامیابیوں کے جھنڈے گاڑھے۔
پاکستان مخالف پروپیگنڈے کے لئے مختلف سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کو استعمال کیا گیا،کالعدم جوائنٹ ایکشن کمیٹی کا گٹھ جوڑ بھارت کے ساتھ ثابت ہو چکا ہے، پروپیگنڈے کے لئے آرٹیفیشل انٹیلی جنس کا استعمال کر کے پرانی ویڈیوز کو کشمیر سے جوڑا گیا۔
انہوں نے کہا کہ گرفتار شخص سے تحقیقات جاری ہیں، مس انفارمیشن کا تدارک حکومت کی ذمہ داری ہے،پاکستان دنیا میں امن کا علمبردار ہے، وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی انتھک محنت سے دنیا میں پاکستان کی عزت اور وقار میں اضافہ ہوا ہے، ان شاء اللہ پاکستان ترقی کا سفر جاری رکھے گا

