دکی(الفجرآن لائن) ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر دکی منصور احمد بزدار نے بتایا ہے کہ لونی کے علاقے نرہن ندی میں کالعدم تنظیم کے کارندوں کے خلاف سی ٹی ڈی اے ٹی ایف اورپولیس اور دیگر سیکیورٹی اداروں نے مشترکہ کارروائی کی آپریشن کے دوران دہشت گردوں اور اہلکاروں کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا
ڈی پی او کے مطابق اطلاع ملتے ہی وہ خود سیکیورٹی فورسز اور پولیس کی اضافی نفری کے ہمراہ موقع پر پہنچے
جہاں اہلکاروں نے بہادری اور پیشہ ورانہ مہارت کا مظاہرہ کرتے ہوئے دہشت گردوں کا ڈٹ کر مقابلہ کیا کارروائی کے نتیجے میں ایک اے ٹی ایف اہلکار زخمی ہوا جبکہ چار دہشت گردوں کو گرفتار کر لیا گیا آپریشن کامیابی سے مکمل کر لیا گیا ہے
اس موقع پر ڈی آئی جی لورالائی رینج جنید احمد شیخ نے زخمی اہلکار کی ڈسٹرکٹ ہسپتال دکی میں عیادت کی اور اس کی بہادری کو سراہا انہوں نے کہا کہ سیکیورٹی فورسز اور پولیس کے جوان خراجِ تحسین کے مستحق ہیں
جنہوں نے اپنی جانوں کی پروا کیے بغیر دہشت گردوں کے ناپاک عزائم کو ناکام بنایا اور علاقے کو بڑے نقصان سے محفوظ رکھا
ڈی آئی جی جنید احمد شیخ نے کہا کہ دہشت گردی کے ناسور کے مکمل خاتمے تک کارروائیاں جاری رہیں گی
ڈی آئی جی جنید احمد شیخ نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ سیکیورٹی ادارے اور پولیس عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے ہر ممکن اقدام کریں گے اور دہشت گردوں کا مکمل صفایا کر کے خطے میں پائیدار امن قائم کیا جائے گا

