کوئٹہ (الفجرآن لائن) صوبائی دارالحکومت کوئٹہ میں ٹریفک کے بڑھتے ہوئے دباؤ اور سفری مشکلات پر قابو پانے کے لیے حکومتِ بلوچستان نے ایک انقلابی قدم اٹھاتے ہوئے شہر میں مصنوعی ذہانت پر مبنی جدید ٹریفک مینجمنٹ سسٹم نافذ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی زیر صدارت منعقدہ اعلٰی سطح کے اجلاس میں اس اسمارٹ ٹیکنالوجی کی تنصیب کی حکمت عملی کا تفصیلی جائزہ لیا گیا، جہاں انہوں نے متعلقہ اداروں کو مربوط اور پائیدار اقدامات یقینی بنانے کی سخت ہدایت جاری کیں۔
وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ شہریوں کو محفوظ اور سہل سفری ماحول فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے؛ اس جدید نظام کی بدولت نہ صرف سڑکوں پر نظم و ضبط، شفافیت اور مؤثر نگرانی کو فروغ ملے گا، بلکہ سفر کے دورانیے میں بھی واضح کمی آئے گی جو کوئٹہ کو جدید شہری سہولیات سے آراستہ کرنے کی جانب ایک اہم میل پتھر ثابت ہوگا۔

