اسلا م آباد(الفجر آن لائن)وزیراعظم کے مشیر رانا ثنا اللہ نے پولنگ سے قبل آزاد جموں و کشمیر کے حلقہ ایل اے 10 کوٹلی میں دھاندلی کا الزام عائد کرتے ہوئے پولنگ روکنے کامطالیہ کردیا۔
وزیراعظم کے مشیر رانا ثنا اللہ نے اپنے ایک بیان میں دعوی کیا کہ آزاد جموں و کشمیر کے حلقہ ایل اے 10 کوٹلی میں پریزائیڈنگ افسر اور پٹواری پیپلز پارٹی کے امیدوار چوہدری یاسین کے گھر میں پولنگ بیگز سمیت رنگے ہاتھوں پکڑے گئے۔
رانا ثنا اللہ نے وزیراعظم آزاد جموں و کشمیر فیصل راٹھور اور چیف الیکشن کمشنر سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ متعلقہ پریزائیڈنگ افسر اور پٹواری سے تفتیش کرائیں اور اس واردات کا جواب دیں۔
انہوں نے مطالبہ کیا ہے کہ انکوائری کے نتائج سامنے آنے تک حلقہ ایل اے 10 میں انتخاب روکا جائے۔ پہلے یہ معلوم ہونا چاہیے کہ پولنگ بیگز اور کہاں کہاں گئے ہیں؟۔
رانا ثنا اللہ نے اپنے بیان میں کہا کہ ثقلین اور قیصر پٹواری سے تفتیش کی جائے کہ انہوں نے مزید کہاں کہاں دھاندلی کی یہ واردات کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ چوہدری یاسین نہ صرف حلقے میں امیدوار ہیں بلکہ پیپلز پارٹی آزاد کشمیر کے صدر بھی ہیں۔
آزاد کشمیر میں پیپلز پارٹی کی حکومت ہے، چوہدری یاسین کے خاص ساتھی ثقلین کے ساتھ سرکاری گاڑی میں تین پریزائیڈنگ افسربھیجنا الیکشن کی شفافیت کو داغدار کر چکا ہے۔
رانا ثنا اللہ نے کہا کہ انکوائری کے حقائق سامنے آنے تک اس حلقے کے نتائج قبول نہیں کریں گے۔

