اسلام آباد ( الفجرآن لائن) وفاقی حکومت نے عوام پر ایک بار پھر "سخاوت” کا انوکھا مکہ مارتے ہوئے حاتم طائی کی قبر پر لات مار دی ہے، جہاں پیٹرول کی قیمت میں اونٹ کے منہ میں زیرے کے برابر یعنی محض ایک روپے کی کمی کی گئی ہے، جبکہ دوسری طرف عوام کی جیبوں پر ڈاکا ڈالتے ہوئے ڈیژل ساڑھے تین روپے مہنگا کر دیا گیا ہے۔ آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) کے اس مذاق نما فیصلے کے بعد موٹر اسپرٹ (پیٹرول) کی قیمت 335.18 روپے سے گھٹ کر 334.18 روپے ہو گئی ہے، جبکہ ملک کا پورا ٹرانسپورٹ اور زراعت کا نظام چلانے والا ہائی اسپیڈ ڈیژل 383.46 روپے سے بڑھا کر 386.83 روپے فی لیٹر کر دیا گیا ہے۔ حکومت کے اس برائے نام ریلیف پر عوام شدید نالاں ہیں، کیونکہ ایک روپیہ سستا پیٹرول تو گاڑیوں میں دھواں بن کر اڑ جائے گا، لیکن ساڑھے تین روپے مہنگا ڈیژل ملک میں مال برداری اور کرایوں کی صورت میں مہنگائی کا نیا طوفان کھڑا کر دے گا۔

