راولپنڈی (الفجرآن لائن) جنرل سید عامر رضا نے باضابطہ طور پر نئے قائم کردہ نیشنل اسٹریٹجک کمانڈ (سی این ایس سی) کے پہلے کمانڈر کی حیثیت سے اپنی ذمہ داریاں سنبھال لی ہیں۔ جنرل ہیڈ کوارٹرز (جی ایچ کیو) آمد پر انہیں پاک فوج کے ایک چاک و چوبند دستے نے روایتی گارڈ آف آنر پیش کیا۔ اس موقع پر انہوں نے یادگارِ شہداء پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور مادرِ وطن کے دفاع کے لیے جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہداء کے درجات کی بلندی کے لیے فاتحہ خوانی کی۔عہدہ سنبھالنے کے بعد کمانڈر نیشنل اسٹریٹجک کمانڈ نے جی ایچ کیو میں چیف آف آرمی اسٹاف اور چیف آف ڈیفنس فورسز، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے ملاقات کی۔ فیلڈ مارشل نے اہم کمانڈ سنبھالنے پر جنرل سید عامر رضا کو مبارکباد دی اور ملکی دفاع اور اسٹریٹجک اثاثوں کے تحفظ کے لیے ان کے نئے مشن کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔واضح رہے کہ یہ تقرری 27ویں آئینی ترمیم کے تحت پاکستان کے اعلیٰ فوجی کمانڈ ڈھانچے میں کی جانے والی تاریخی اصلاحات کا حصہ ہے۔ جنرل سید عامر رضا، جو اس سے قبل جی ایچ کیو میں چیف آف جنرل اسٹاف (سی جی ایس) کے اہم ترین عہدے پر فائز تھے، کو حال ہی میں فور اسٹار جنرل کے عہدے پر ترقی دی گئی ہے۔ وہ اب اس نئے اسٹریٹجک پورٹ فولیو کی سربراہی کریں گے جس کا مقصد ملکی دفاعی نظام کو مزید مربوط بنانا ہے

