کوئٹہ ( الفجرآن لائن) وزیراعلی بلوچستان میر سرفراز احمد بگٹی کے وژن کے مطابق صوبے میں معیاری تعلیم کے فروغ اور ہونہار طلباء و طالبات کو یکساں تعلیمی مواقع فراہم کرنے کے لیے بلوچستان ایجوکیشن انڈومنٹ فنڈ اپنے مختلف اسکالرشپ پروگرام کامیابی سے جاری رکھے ہوئے ہے۔ اسی سلسلے میں ضلع کچھی* کے * 10 میٹرک ڈسٹرکٹ ٹاپرز (5 طالبات اور 5 طلباء)* کو "شہید بینظیر بھٹو میٹرک ڈسٹرکٹ ٹاپرز فلی فنڈڈ اسکالرشپ برائے تعلیمی سال 2025” کے لیے مکمل طور پر میرٹ کی بنیاد پر منتخب کیا گیا ہے۔
یہ اسکالرشپ پروگرام صوبے کے ذہین، محنتی اور باصلاحیت طلباء و طالبات کے لیے اعلیٰ تعلیم کے دروازے کھولنے کی جانب ایک اہم قدم ہے۔ حکومت بلوچستان نوجوان نسل، بالخصوص ہونہار طلباء و طالبات، کو معیاری تعلیم اور مساوی مواقع کی فراہمی کو اپنی اولین ترجیحات میں شامل کیے ہوئے ہے، تاکہ وہ اپنی صلاحیتوں کو نکھار کر بلوچستان اور پاکستان کی ترقی میں مؤثر کردار ادا کر سکیں۔
بلوچستان ایجوکیشن انڈومنٹ فنڈ میرٹ اور مساوی مواقع کے اصولوں پر عمل کرتے ہوئے مستحق اور باصلاحیت طلباء و طالبات تک اسکالرشپس کی بروقت فراہمی کے ذریعے صوبے میں اعلیٰ تعلیم کے فروغ کے لیے مؤثر کردار ادا کر رہا ہے۔ چیف ایگزیکٹو آفیسر خالد ماندائی کی قیادت میں ادارہ ایسے تعلیمی پروگراموں کو مزید وسعت دینے کے لیے پرعزم ہے، تاکہ بلوچستان کے نوجوانوں کی تعلیمی استعداد میں اضافہ ہو اور وہ مستقبل میں قومی دھارے میں فعال کردار ادا کر سکیں


