![](https://alfajaronline.com/wp-content/uploads/2024/06/Who-will-be-new-Chief-Justice-of-Lahore-High-Court-1024x538.jpg)
لاہور ہائیکورٹ کے پنجاب حکومت سمیت دیگر کو نوٹسز جاری ،جواب طلب
لاہور (الفجرآن لائن) لاہور ہائیکورٹ نے ہتک عزت قانون کی 3دفعات پر عملدرآمد عدالتی فیصلے سے مشروط کرتے ہوئے پنجاب حکومت سمیت دیگر کو نوٹسز جاری کر کے جواب طلب کرلیا۔ تفصیلات کے مطابق لاہور ہائیکورٹ میں جسٹس امجد رفیق نے پنجاب ہتک عزت قانون کیخلاف دائر درخواست پر سماعت کی۔ دوران سماعت عدالت نے استفسار کیا کہ قانون کیسے آزادی اظہار رائے اور بنیادی حقوق کیخلاف ہے؟ جس پر وکیل درخواست گزار نے بتایا کہ ہتک عزت قانون کے مطابق آپ بغیر ثبوت کارروائی کر سکتے ہیں۔عدالت نے کہا کہ وزیراعلی کوئی بیان دے تو آپ اس کو عدالت لے آئیں یہ غلط بات ہے جس پر وکیل نے کہا وزیراعلی جھوٹ ہی نہ بولے۔وکیل درخواست گزار نے کہا کہ وزیر اطلاعات پنجاب صبح سے شام تک جھوٹ بولتی ہیں، اس قانون میں ٹرائل سے قبل ہی ملزم کو 30لاکھ جرمانہ ہو سکتا ہے۔عدالت نے کہا کہ قانون کے مطابق یہ تیز ترین انصاف کی فراہمی کیلئے ہوسکتا ہے۔ بعد ازاں عدالت نے ہتک عزت قانون کی دفعہ 3، 5اور 8پر عملدرآمدکو عدالتی فیصلے سے مشروط کرتے ہوئے اٹارنی جنرل ،ایڈووکیٹ جنرل پنجاب کو معاونت جبکہ پنجاب حکومت سمیت دیگرکو نوٹسز جاری کر کے جواب طلب کرلیا۔