سریاب روڈ پر احمد جان کے قتل کا معمہ حل، دو ملزمان گرفتار، اسلحہ و موٹر سائیکل برآمد؛ مرکزی ملزمہ کی گرفتاری کیلئے چھاپے جاری
کوئٹہ (الفجرآن لائن) سریاب روڈ پر 21 جنوری 2026 کو ہونے والے احمد جان کے مبینہ اندھے قتل کا معمہ آٹھ ماہ بعد اسپیشل کرائم انویسٹی گیشن ونگ پولیس نے حل کر لیا۔ تحقیقات کے دوران انکشاف ہوا کہ مقتول احمد جان کو کسی دشمنی کی بنا پر نہیں بلکہ اس کی اہلیہ نے مبینہ طور پر اپنے دوست محمد فاروق کے ساتھ مل کر سازش کے تحت قتل کروایا۔
پولیس کے مطابق محمد فاروق نے اپنے ساتھی نصیب اللہ کے ہمراہ موٹر سائیکل پر سوار ہوکر احمد جان پر فائرنگ کی، جس کے نتیجے میں وہ جاں بحق ہوگیا۔ ایس ایس پی دوست محمد بگٹی کی سربراہی میں پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے دو ملزمان کو گرفتار کرلیا جبکہ واردات میں استعمال ہونے والا پستول اور موٹر سائیکل بھی برآمد کرلی گئی۔پولیس کا کہنا ہے کہ قتل کی مبینہ مرکزی سازشی مقتول کی اہلیہ تاحال گرفتار نہیں ہوسکی، جس کی گرفتاری کیلئے مختلف مقامات پر چھاپے مارے جارہے ہیں۔

