![](https://alfajaronline.com/wp-content/uploads/2024/06/1518512123c901a.jpg)
جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب کی نیپرا کو درخواست گزاروں کی شکایات کے فوری ازالے کی ہدایت
اسلام آباد (الفجرآن لائن) اسلام آباد ہائیکورٹ نے بحریہ ٹاؤن میں من مانی قیمتوں پر بجلی فروخت کیس میں وفاقی حکومت، آئیسکو اور بحریہ ٹاؤن کو نوٹس جاری کردیئے۔ تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ہائیکورٹ میں جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے بحریہ ٹاؤن کیخلاف بغیر لائسنس من مانی قیمتوں پر بجلی فروخت کرنے کے کیس کی سماعت کی ۔
بحریہ ٹاؤن کے رہائشی طاہر نہاد باجوہ و دیگر کی جانب سے بیرسٹر عمر اعجاز گیلانی عدالت میں پیش ہوئے اور دلائل دیتے ہوئے کہا کہ بحریہ ٹاؤن 4سال سے بغیر لائسنس وہاں کے رہائشیوں کو بجلی من مانی و مہنگی قیمتوں پر فروخت کررہا ہے۔انہوں نے کہا کہ اسلام آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی بحریہ ٹان کو بجلی بل ہی نہیں بھیجتی،بغیر لائسنس بجلی فروخت سے وفاقی خزانے سمیت وہاں کے رہائشیوں کو نقصان پہنچ رہا ہے۔عدالت نے دلائل سننے کے بعد نیپرا کو درخواست گزاروں کی شکایات کا فوری ازالہ کرنے کی ہدایت کی اور وفاقی حکومت، آئیسکو و بحریہ ٹاؤن کو نوٹس جاری کرتے ہوئے کیس کی سماعت عید کے پہلے ہفتے تک ملتوی کردی۔