پشین (الفجرآن لائن) انجمن تاجران و دکانداران پشین کے ضلعی صدر نصیب اللہ کاکڑ کلیوال، چیئر مین ملک محب الرحمن، نائب صدر خواجہ عبید اللہ بارکزئی، محمد یوسف خان کاکڑ اور دیگر عہدیداروں نے پشین شہر میں گزشتہ تقریباً 30 گھنٹوں سے جاری بجلی کی بدترین بندش اور طویل بریک ڈاؤن کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔
انجمن تاجران کے رہنماؤں نے اپنے ایک مشترکہ بیان میں کہا کہ مسلسل بجلی کی بندش کے باعث پشین شہر کے ہزاروں دکاندار اور تاجر شدید مشکلات سے دوچار ہیں۔
بجلی نہ ہونے کی وجہ سے اسپتالوں، انجینئرنگ، ورکشاپس اور دیگر مختلف کاروبار سے وابستہ تاجروں اور مزدوروں کا روزگار بری طرح متاثر ہو رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ بجلی کی مسلسل بندش کے باعث شہریوں اور تاجر برادری میں سخت تشویش، غم و غصہ پایا جاتا ہے، جبکہ کاروباری سرگرمیاں بھی شدید متاثر ہو رہی ہیں۔
انجمن تاجران کے عہدیداروں نے کیسکو کے اعلیٰ حکام کی توجہ پشین شہر میں گزشتہ دو دنوں سے جاری بجلی کی مسلسل بندش کی جانب مبذول کراتے ہوئے مطالبہ کیا کہ تاجروں اور شہریوں کو درپیش مشکلات کا فوری نوٹس لیا جائے اور پشین شہر میں بجلی کی ترسیل کو بلا تعطل اور فوری طور پر بحال یقینی بنایا جائے۔
انہوں نے خبردار کیا کہ اگر بجلی کی فراہمی فوری طور پر بحال نہ کی گئی اور شہریوں و تاجروں کے مسائل حل نہ ہوئے تو پشین شہر کے ہزاروں تاجر اور دکاندار سخت احتجاج کرنے پر مجبور ہوں گے، جس کی تمام تر ذمہ داری کیسکو کے اعلیٰ حکام پر عائد ہوگی۔

