PIMS Hospital Islamabad: Bodies of 13 deceased newborns handed over to families, one unclaimed body entrusted to Edhi Foundation.
متاثرہ خاندانوں کیلئے اعلان کردہ 50 لاکھ روپے ایدھی فاؤنڈیشن کو دیے جائیں گے، وزارت صحت
اسلام آباد (الفجرآن لائن) اسلام آباد کے پمز ہسپتال میں پیش آنے والے سانحے میں جاں بحق ہونے والے 14 نومولود بچوں میں سے 13 کی میتیں ان کے والدین کے حوالے کر دی گئیں، جبکہ ایک لاوارث بچے کی میت ایدھی فاؤنڈیشن کے سپرد کر دی گئی۔
وزارتِ صحت کی جانب سے جاری تفصیلات کے مطابق جاں بحق ہونے والے 14 نومولود بچوں میں سے 13 کی میتیں ان کے والدین اور لواحقین کے حوالے کی گئیں، جبکہ ایک بچے کی میت والدین کی عدم دستیابی کے باعث ایدھی فاؤنڈیشن کے سپرد کی گئی۔
وزارتِ صحت کے مطابق متاثرہ خاندانوں کے لیے اعلان کردہ 50 لاکھ روپے کی امدادی رقم ایدھی فاؤنڈیشن کو دی جائے گی۔
پمز ذرائع کے مطابق مذکورہ لاوارث بچہ تقریباً دو ماہ قبل 21 جون کو ایک خاتون کے ہاں پیدا ہوا تھا، جس کے بعد خاتون بچے کو ہسپتال میں چھوڑ کر چلی گئی تھی۔ بچہ 21 جون سے پمز ہسپتال کی نرسری میں زیرِ علاج تھا۔
ذرائع کے مطابق جاں بحق بچوں کی شناخت اور میتیں لواحقین کے حوالے کیے جانے کے وقت مذکورہ بچہ بھی لاوارث قرار پایا۔ پمز انتظامیہ کے ذرائع کا کہنا ہے کہ بچے کی والدہ مبینہ طور پر 15 سالہ نو عمر ماں تھی، جو بچے کی پیدائش کے بعد روپوش ہو گئی۔

