کراچی(الفجرآن لائن)وزیر مملکت خزانہ بلال اظہر کیانی نے کہا ہے کہ کراچی کے تاجروں اوردکانداروں کی سہولت کیلئے آسان ٹیکس اسکیم متعارف کرائی گئی ہے،ایف بی آر عملہ دکان میں داخل نہیں ہو سکے گا۔
اپنے ایک بیان میں وزیر مملکت نے کہا کہ آسان ٹیکس اسکیم سے ٹیکس نیٹ وسیع ہوگا، اس کے تحت دکاندار سالانہ فروخت شدہ مال پر ایک فی صد ٹیکس ادا کرے گا، اور رجسٹرڈ دکانداروں کو ایف بی آر سبز رنگ کی رجسٹریشن پلیٹ دے گا۔
وزیر مملکت نے کہا کہ سبز رجسٹریشن پلیٹ جس دکان میں نصب ہوگی، اس میں ایف بی آر عملہ پوچھ گچھ کے لئے داخل نہیں ہو سکے گا، اور آسان ٹیکس اسکیم میں شامل دکانداروں کا عمومی طور پر آڈٹ بھی نہیں ہوگا۔
بلال اظہر نے کہا کہ اسکیم میں شامل دکاندار ود ہولڈنگ ایجنٹ بننے کے پابند نہیں ہوں گے، اس سلسلے میں ایف بی آر اور تاجر نمائندوں کے فوکل پرسنز مقرر کر دئیے گئے ہیں اور ایف بی آر حکام ہر ماہ ایک ہفتہ کراچی میں موجود رہیں گے۔

