سوات(الفجر آن لائن)سوات کے علاقے مٹہ میں معروف عالم دین مولانا رشید محمد نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ سے شدید زخمی ہوگئے، جنہیں فوری طبی امداد کیلئے اسپتال منتقل کردیا گیا۔
رپورٹس کے مطابق فائرنگ کا واقعہ مٹہ کے علاقے چپریال بازار کے قریب پیش آیا، جہاں نامعلوم افراد نے مولانا رشید محمد کو مبینہ طور پر نشانہ بنایا۔
حملہ آوروں نے مولانا رشید محمد پر فائرنگ کی، جس کے نتیجے میں وہ شدید زخمی ہوگئے۔ واقعے کے فوری بعد علاقے میں تشویش کی لہر دوڑ گئی، جبکہ مقامی افراد نے امدادی اداروں کو اطلاع دی۔
ریسکیو 1122 کی ٹیم نے موقع پر پہنچ کر زخمی عالم دین کو ابتدائی طبی امداد فراہم کی اور انہیں مٹہ اسپتال منتقل کردیا۔ اسپتال ذرائع کے مطابق ڈاکٹرز مولانا رشید محمد کی جان بچانے کیلئے بھرپور کوششیں کررہے ہیں۔
واقعے کے بعد پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں نے علاقے کو گھیرے میں لے کر شواہد اکٹھے کرنے کا عمل شروع کردیا ہے۔ حملہ آوروں کی شناخت اور گرفتاری کیلئے بھی تحقیقات جاری ہیں۔
پولیس کی جانب سے تاحال فائرنگ کے واقعے کی وجوہات یا حملہ آوروں کے بارے میں مزید تفصیلات سامنے نہیں آئی ہیں۔ واقعے کے محرکات جاننے کیلئے مختلف پہلوؤں سے تحقیقات کی جارہی ہیں۔ واقعے کے بعد علاقے میں سیکیورٹی بھی سخت کردی گئی۔

