کوئٹہ (الفجرآن لائن) وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے آواران میں سیکیورٹی فورسز کی جانب سے ’آپریشن ردّ الفتنہ 3‘ کے تحت کی جانے والی کامیاب کارروائی کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔ اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ فورسز کی مؤثر حکمت عملی کے باعث 4 خوارج کو جہنم واصل کیا گیا، جو دہشت گردی کے خلاف پاک فوج اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے پختہ عزم کا منہ بولتا ثبوت ہے۔
یہ کارروائی مصدقہ انٹیلیجنس معلومات اور جدید ٹیکنالوجی کے مؤثر استعمال کی بدولت ممکن ہوئی، جو ہماری سیکیورٹی فورسز کی اعلیٰ پیشہ ورانہ صلاحیتوں کا مظہر ہے۔وزیراعلیٰ نے بتایا کہ ہلاک ہونے والے خوارج کے قبضے سے بڑی مقدار میں عسکری سامان اور جدید آلات برآمد کیے گئے ہیں، جو کہ ایک اہم کامیابی ہے۔ میر سرفراز بگٹی نے واضح کیا کہ بلوچستان کے امن و امان کو سبوتاژ کرنے والے عناصر کے خلاف حکومت کی زیرو ٹالرنس پالیسی ہے اور ایسے کسی بھی عنصر کے ساتھ کوئی رعایت نہیں برتی جائے گی۔
انہوں نے اس بات کا اعادہ کیا کہ صوبے میں پائیدار امن کے قیام تک دہشت گردوں کے خلاف یہ کارروائیاں پوری قوت سے جاری رہیں گی۔ بلوچستان کے عوام امن کے دشمنوں کو مکمل مسترد کر چکے ہیں اور ملک و قوم کے تحفظ کے لیے سیکیورٹی فورسز کی قربانیوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں، یہ لازوال قربانیاں کبھی رائیگاں نہیں جائیں گی

