آواران میں سیکیورٹی فورسز کا انٹیلیجنس بیسڈ آپریشن؛ کواڈ کاپٹر حملے میں 4 خوارج ہلاک، بھاری عسکری سامان برآمد
کوئٹہ (الفجرآن لائن) بلوچستان کے ضلع آواران میں سیکیورٹی فورسز نے ایک کامیاب انٹیلیجنس بیسڈ آپریشن کے دوران چار خوارج کو ہلاک کر دیا ہے۔ معاون وزیر اعلیٰ بلوچستان برائے اطلاعات و سیاسی امور شاہد رند نے کارروائی کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ یہ آپریشن ‘ردّ الفتنہ 3’ کے تحت خوارج کے ٹھکانوں کی مصدقہ اطلاعات پر کیا گیا۔ انہوں نے مطلع کیا کہ فورسز نے جدید ٹیکنالوجی کا مؤثر استعمال کرتے ہوئے کواڈ کاپٹر کے ذریعے دہشت گردوں کی نقل و حرکت کی فضائی نگرانی کی اور پھر انتہائی درستگی کے ساتھ نشانہ بنا کر انہیں جہنم واصل کیا۔ ٹھکانے سے بڑی مقدار میں عسکری سامان اور آلات بھی برآمد کر لیے گئے ہیں۔ شاہد رند کا کہنا تھا کہ صوبے کے امن کو نقصان پہنچانے والوں کے لیے کوئی جگہ نہیں، سیکیورٹی فورسز کو عوام اور حکومت کی مکمل حمایت حاصل ہے اور آخری خارجی کے خاتمے تک یہ بلا تعطل جنگ جاری رہے گی

