کوئٹہ(الفجر آن لائن +نیوز ایجنسیاں)وزیراعلی بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی سخت ہدایات پر محکمہ صحت میں غیر حاضر اور غفلت برتنے والے ملازمین کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کا سلسلہ جاری ہے۔
حکومت بلوچستان کے مطابق محکمہ صحت میں غیر حاضری اور فرائض میں غفلت برتنے والے 11 ہزار ملازمین کی تنخواہوں سے مجموعی طور پر 29 کروڑ روپے کی کٹوتی کی گئی ہے، جبکہ 100 سے زائد ملازمین کو ملازمت سے برطرف کیا جاچکا ہے۔
حکام کے مطابق مزید 402 ملازمین کے خلاف کارروائی کا عمل بھی مکمل کرلیا گیا ہے، جس کے بعد محکمہ صحت میں حاضری اور سرکاری فرائض کی انجام دہی کے نظام کو مزید مثر بنانے کے لیے اقدامات جاری ہیں۔
وزیراعلی بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے واضح کیا ہے کہ سرکاری ملازمین کی بنیادی ذمہ داری عوام کو بروقت اور معیاری خدمات فراہم کرنا ہے، عوامی خدمت میں غفلت یا غیر حاضری کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔
حکومت کا کہنا ہے کہ سرکاری اداروں میں نظم و ضبط بہتر بنانے اور عوام کو طبی سہولیات کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے احتساب کا عمل بلاامتیاز جاری رکھا جائے گا۔

