چیف جسٹس سپریم کورٹ یحیی آفریدی سمیت اعلی عدالتی شخصیات کی تقریب میں شرکتچیف جسٹس سپریم کورٹ اور چیف سیکریٹری بلوچستان نے کوئٹہ پائن کا پودا لگا کر شجرکاری بھی کی
کوئٹہ(خانزادہ یونس خلجی)سپریم کورٹ آف پاکستان کوئٹہ برانچ رجسٹری کے نئے انتظامی بلاک کا سنگِ بنیاد رکھ دیا گیا۔ تقریب میں چیف جسٹس سپریم کورٹ پاکستان جسٹس یحیی آفریدی، جسٹس ہاشم خان کاکڑ، جسٹس نعیم اختر افغان اور چیف جسٹس بلوچستان ہائیکورٹ جسٹس کامران خان ملاخیل سمیت اعلی عدالتی حکام نے شرکت کی۔سپریم کورٹ کے جسٹس جمال خان مندوخیل اور ڈپٹی رجسٹرار سپریم کورٹ آف پاکستان کوئٹہ رجسٹری میر حسین نے نئے انتظامی بلاک کا سنگِ بنیاد رکھا۔اس موقع پر چیف جسٹس سپریم کورٹ جسٹس یحیی آفریدی اور چیف سیکریٹری بلوچستان شکیل قادر خان نے کوئٹہ پائن کا پودا لگا کر شجرکاری بھی کی۔ تقریب میں بلوچستان ہائیکورٹ کے ججز اور سینئر وکلا بھی موجود تھے۔حکام کے مطابق جدید سہولیات سے آراستہ انتظامی بلاک 226 ملین روپے کی لاگت سے تعمیر کیا جائے گا، جسے محکمہ مواصلات و تعمیرات کی نگرانی میں ایک سال کے عرصے میں مکمل کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔نئے انتظامی بلاک کی تعمیر سے سپریم کورٹ آف پاکستان کوئٹہ برانچ رجسٹری میں انتظامی امور کے لیے بہتر اور جدید سہولیات میسر آنے کی توقع ہے۔

