اسلام آباد(الفجرآن لائن)وزارت اطلاعات و نشریات نے مستقل ثالث عدالت کے سندھ طاس معاہدے پر جاری فیصلے کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ عدالت نے سندھ طاس معاہوہ مکمل طور پر نافذ العمل قرار دیا ہے اورعدالت کا متفقہ فیصلہ ہے کہ بھارت کا معاہدے کو معطل یا ختم کرنے کا اعلان بین الاقوامی قانون کے منافی ہے۔
وزارت اطلاعات و نشریات سے جاری بیان کے مطابق مستقل ثالث عدالت کا سندھ طاس معاہدے کی حیثیت سے متعلق فیصلہ جاری ہوا ہے جس میں معاہدہ مکمل طور پر نافذ العمل قراردیا گیا ہے۔عدالت کا متفقہ فیصلہ ہے کہ بھارت کا معاہدے کو معطل یا ختم کرنے کا اعلان بین الاقوامی قانون کے منافی ہے۔عدالت کا فیصلہ ہے کہ بھارت سندھ طاس معاہدے کے تحت اپنے تمام قانونی فرائض کی انجام دہی کا پابند ہے۔عدالت کی طرف سے بھارت کو اگلے 90 روز تک رتل ہائیڈرو الیکٹرک پروجیکٹ کے ڈیم اور پاور انٹیک پر مخصوص سطح سے زائد کنکریٹ ڈالنے سے روکنے کی پابندی لگائی گئی ہے۔حکومتِ پاکستان کی جانب سے عدالت کے فیصلے اور عبوری اقدامات کا خیرمقدم کیا گیا ہے

