کوئٹہ (الفجرآن لائن) زیارت کراس پر پیش آنے والے حالیہ واقعے کے بعد صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) بلوچستان نے فوری کارروائی کرتے ہوئے بڑے پیمانے پر ہنگامی امدادی وسائل اور ریسکیو فورس تعینات کر دی ہے۔ وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی اور ریلیف کمشنر جہانزیب خان غوریزئی کی خصوصی ہدایات پر، ڈائریکٹر ریسکیو نوید احمد کی زیرِ نگرانی پی ڈی ایم اے ریسکیو فورس کو یکم ستمبر کی رات 2 بج کر 15 منٹ پر زیارت کراس روانہ کیا گیا۔ پی ای او سی کے مطابق، ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے 12 ایمبولینسز، 4 فائر ٹرکس، 2 واٹر باؤزرز اور 24 پروفیشنل ریسکیورز جائے وقوعہ پر بھیجے گئے ہیں۔ تمام ٹیموں کو کسی بھی ہنگامی ضرورت، آگ بجھانے اور زخمیوں کو فوری طبی امداد فراہم کرنے کے لیے ہائی الرٹ رکھا گیا ہے، جبکہ کنٹرول روم سے صورتحال کی مسلسل نگرانی اور دیگر اداروں کے ساتھ رابطہ کاری کا عمل بھی جاری ہے

