لاہور(الفجر آن لائن)پمز ہسپتال کے بعد لاہور میں جنرل ہسپتال کے گائنی وارڈ میں بھی آتشزدگی کا واقعہ پیش آگیا۔ ریسکیو ٹیموں نے آگ پر قابو پا لیا۔وارڈ سے 70سے زائد افراد کو نکال لیاگیا۔
تفصیل کے مطابق لاہور میں جنرل ہسپتال کے گائنی وارڈ میں آگ لگ گئی، آگ گائنی وارڈ لگی، ریسکیو ٹیموں نے 70 سے زائد افراد کو وارڈ سے نکال لیا۔
ریسکیو نے امدادی کاروائیاں کرتے آگ پر قابو پا لیا،آگ ایگزاسٹ سسٹم میں لگی۔کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ تاہم واقعے کے باعث ایک گارڈ کی حالت خراب ہوگئی۔
انتظامیہ کے مطابق گارڈ کو لاہور جنرل ہسپتال کی ایمرجنسی میں طبی امداد دی جارہی ہے اور اس کی حالت خطرے سے باہر ہے۔ایم ایس لاہور جنرل ہسپتال ڈاکٹر فریاد حسین نے کہا کہ ہسپتال کے عملے کو فراہم کی جانے والی فائر سیفٹی ٹریننگ انتہائی موثر ثابت ہوئی۔
انہوں نے بتایا کہ تربیت یافتہ عملے نے فوری طور پر کارروائی کرتے ہوئے فائر ایکسٹنگوشرز کی مدد سے آگ پر قابو پالیا اور اس دوران کسی بیرونی فائر بریگیڈ کی مدد کی ضرورت پیش نہیں آئی۔
ڈاکٹر فریاد حسین کا کہنا تھا کہ لاہور جنرل ہسپتال کی پوری ٹیم نے باہمی تعاون اور بہترین پیشہ ورانہ انداز میں کام کیا، جس کے نتیجے میں صورتحال پر مکمل طور پر قابو پالیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ الحمدللہ، واقعے میں کسی قسم کا جانی نقصان نہیں ہوا اور نہ ہی کسی مریض، حاملہ خاتون یا بچے کو نقصان پہنچا۔
یاد رہے کہ اس سے قبل اسلام آباد کے پمز ہسپتال کی نرسری میں آتشزدگی سے بھی بچوں کی اموات ہو ئی تھیں۔ 14 خاندانوں میں خوشیاں لانے والے معصوم نومولودوں کی موت پر ہر طرف اداسی اور غم کا راج ہے۔

