کوئٹہ (الفجرآن لائن)وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے نوکچہ چاغی اور زیارت کراس پشین میں سیکیورٹی فورسز کی کامیاب اور مؤثر کارروائی پر گہرے اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے فورسز کو زبردست خراج تحسین پیش کیا ہے۔ اپنے ایک اہم بیان میں انہوں نے واضح کیا کہ سیکیورٹی فورسز نے ایک بار پھر دہشت گردوں کے مذموم عزائم کو خاک میں ملا دیا ہے۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ریاست کے خلاف ہتھیار اٹھانے والوں کو قانون کے مطابق بھرپور جواب دیا جائے گا اور بلوچستان میں دہشت گردی کا نیٹ ورک توڑنے کے لیے فورسز کی کارروائیاں پوری قوت سے جاری رہیں گی۔
وزیر اعلیٰ بلوچستان نے سخت لہجہ اختیار کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں کسی بھی قسم کا کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا اور امن کے دشمنوں کو ہر صورت شکست دی جائے گی۔ انہوں نے خبردار کیا کہ غیر ملکی ایما پر صوبے کا امن خراب کرنے والوں اور ریاست کی رٹ کو چیلنج کرنے والوں کا انجام عبرتناک ہوگا۔ میر سرفراز بگٹی کا کہنا تھا کہ دہشت گرد اپنے بزدلانہ ہتھکنڈوں سے بلوچستان کے عوام کو خوفزدہ نہیں کرسکتے۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ قومی شاہراہوں اور عوام کے جان و مال کا تحفظ ریاست کی اولین ذمہ داری ہے جس سے کسی صورت پیچھے نہیں ہٹا جائے گا، جبکہ دہشت گردوں کے ساتھ ساتھ ان کے سہولت کاروں اور جرائم پیشہ عناصر کو بھی قانون کی گرفت میں لایا جائے گا

