راولپنڈی (الفجر آن لائن )بلوچستان میں سکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے خلاف مؤثر کارروائیاں کرتے ہوئے 21 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق 31 اگست اور یکم ستمبر کی درمیانی شب ضلع چاغی کے علاقے نوکچا اور ضلع پشین کے علاقے زیارت کراس میں دہشت گردوں کے خلاف مختلف کارروائیاں کی گئیں ۔
ضلع چاغی میں فتنہ الہندوستان کے دہشت گرد این-40 کوئٹہ تفتان شاہراہ پر غیر قانونی ناکہ قائم کرکے مسافروں سے بھتہ وصول کرنے کی کوشش کر رہے تھے، جن کے خلاف کارروائی میں 11 دہشت گرد مارے گئے۔
ضلع پشین میں فتنہ الخوارج کے دہشت گردوں نے کسٹمز ہاؤس پر مربوط حملہ کیا، جس کا سکیورٹی فورسز نے بھرپور جواب دیا۔ شدید فائرنگ کے تبادلے میں 10 دہشت گرد ہلاک ہوئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق کارروائیوں کے دوران دہشت گردوں سے بھاری مقدار میں اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکا خیز مواد برآمد کیا گیا۔
فائرنگ کے تبادلے میں قوم کے 6 بہادر سپوتوں نے جامِ شہادت نوش کیا، جن میں دو افسران اور محکمہ کسٹمز کا ایک سرکاری اہلکار بھی شامل ہے۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ علاقے میں باقی ماندہ دہشت گردوں کے خاتمے کے لیے سینیٹائزیشن آپریشن جاری ہے۔ عزمِ استحکام اور نیشنل ایکشن پلان کے تحت دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی۔

