کوئٹہ (الفجرآن لائن) بلوچستان کے علاقوں نوکچہ چاغی اور زیارت کراس پشین میں سیکیورٹی فورسز نے ایک کامیاب اور بروقت کارروائی کرتے ہوئے دہشت گردوں کے بڑے عزائم کو ناکام بنا دیا ہے۔ معاون برائے داخلہ بلوچستان بابر یوسفزئی نے سیکیورٹی فورسز کی اس پیشہ ورانہ اور کامیاب کارروائی کو زبردست الفاظ میں خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔ اپنے ایک حالیہ بیان میں انہوں نے کہا کہ فورسز نے بروقت کارروائی کر کے صوبے کو کسی بڑی تباہی سے بچا لیا ہے۔
بابر یوسفزئی کا کہنا تھا کہ غیر ملکی ایجنڈے پر بلوچستان کا امن و امان تباہ کرنے والے عناصر کو کسی بھی صورت کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔ انہوں نے واضح کیا کہ ریاست کی رٹ کو چیلنج کرنے والے عناصر کو قانون کے مطابق بھرپور اور سخت جواب دیا جائے گا۔ معاون داخلہ نے مزید کہا کہ اس جنگ میں نہ صرف دہشت گرد بلکہ ان کے سہولت کار بھی قانون کے شکنجے سے نہیں بچ سکیں گے۔صوبے میں سیکیورٹی صورتحال کو مزید بہتر بنانے کے حوالے سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ قومی شاہراہوں، مسافروں اور عام عوام کے تحفظ کے لیے سیکیورٹی اقدامات کو مزید مؤثر اور سخت بنایا جا رہا ہے۔ عوام کے جان و مال کا تحفظ حکومت اور ریاست کی اولین ذمہ داری ہے، اور بلوچستان میں پائیدار امن کے قیام تک دہشت گردوں کے خلاف یہ کارروائیوں پوری قوت کے ساتھ جاری رہیں گی۔
معاون داخلہ نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہداء کی عظیم قربانیوں کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کی قربانیاں کبھی رائیگاں نہیں جائیں گی۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ اس جنگ میں پوری قوم اور سیکیورٹی فورسز ایک صفحے پر ہیں اور بزدلانہ کارروائیوں سے بلوچستان کے عوام کے حوصلے پست نہیں کیے جا سکتے

