کوئٹہ (الفجرآن لائن) وزیراعلیٰ بلوچستان کی خصوصی ہدایت پر بچوں کی صحت کے تحفظ اور غیر محفوظ مصنوعات کی روک تھام کے لیے بلوچستان فوڈ اتھارٹی نے غیر رجسٹرڈ، غیر لیبل شدہ اور ناقابلِ سراغ انفینٹ فارمولا دودھ اورغیر قانونی ڈرائی ملک پاؤڈر کے خلاف خصوصی مہم کا آغاز کردیا۔
کوئٹہ میں ضلعی انتظامیہ کے ہمراہ مختلف علاقوں میں کارروائیوں کے دوران 37 فوڈ بزنسز کی چیکنگ، 8 یونٹس سیل جبکہ 232 کلوگرام سے زائد دودھ پاؤڈر اور 102 پیکٹس ضبط کیے گئے۔
ترجمان بلوچستان فوڈ اتھارٹی کے مطابق سرکی روڈ، نیو اڈہ، میزان چوک اور نواں کلی میں متعلقہ ضلعی انتظامیہ کے ہمراہ مشترکہ کارروائیاں کی گئیں۔
سرکی روڈ اور نیو اڈہ پر 20 یونٹس کی انسپیکشن کے دوران 2 دکانیں سیل کرکے 232 کلوگرام انفینٹ فارمولا(بچوں کا فارمولا دودھ) اور ڈرائی ملک پاؤڈر قبضے میں لیا گیا
جبکہ میزان چوک میں 8 یونٹس کی چیکنگ کے دوران غیر غیر رجسٹرڈ انفینٹ فارمولا کی فروخت اور قواعد کی خلاف ورزی پر 6 یونٹس سیل کیے گئے۔
اسی طرح نواں کلی میں 9 یونٹس کی چیکنگ کے دوران غیر مصدقہ اور ممنوعہ ڈرائی ملک کے 102 پیکٹس ضبط کیے گئے جبکہ 5 مراکز کو اصلاحی نوٹسز جاری ہوئے۔
کارروائی کے دوران بغیر لیبل، مینوفیکچرنگ و ایکسپائری تاریخ اور ٹریس ایبلٹی کے دودھ پاؤڈر کے ساتھ جعلی بیبی فارمولا لیبلز بھی تحویل میں لے لیے گئے۔
ڈائریکٹر آپریشنز بلوچستان فوڈ اتھارٹی فخرالدین مری نے کہا ہے کہ بچوں کے لیے غیر قانونی اور غیر محفوظ انفینٹ فارمولا کی فروخت کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی اور خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ غیر قانونی، غیر رجسٹرڈ انفینٹ فارمولا اور ناقص ملک پاؤڈر کے خلاف خصوصی مہم جاری رہے گی اور کارروائیوں کا دائرہ مزید وسیع کیا جائے گا۔
ترجمان کے مطابق خصوصی انفینٹ فارمولا مہم کے علاوہ کوئٹہ، خاران، حب، تربت، ڈیرہ مراد جمالی، دکی اور لورالائی میں بھی بلوچستان فوڈ اتھارٹی کی فوڈ سیفٹی ٹیموں نے مختلف مراکز کا معائنہ کیا۔
بیکنگ یونٹس، جنرل اسٹورز، ریسٹورنٹس، ڈیپارٹمنٹل اسٹورز، نان شاپس، بیکریز، ہول سیلر ٹریڈرز اور جوس شاپس سمیت مختلف فوڈ بزنسز کی چیکنگ کے دوران 10 مراکز کو جرمانے اور 26 کو اصلاحی نوٹسز جاری کیے گئے جبکہ مجموعی طور پر 10 یونٹس سیل کیے گئے۔
بلوچستان فوڈ اتھارٹی نے عوام سے اپیل کی ہے کہ بچوں کے لیے صرف مستند، رجسٹرڈ اور مکمل لیبل شدہ انفینٹ فارمولا خریدیں اور مشکوک یا غیر رجسٹرڈ مصنوعات کی اطلاع فوری طور پر بلوچستان فوڈ اتھارٹی کو دیں

