کوئٹہ(الفجرآن لائن) وزیراعلی بلوچستان میر سرفراز احمد بگٹی کی خصوصی ہدایات اور کوئٹہ شہر کو صاف، منظم، خوبصورت اور شہریوں کے لئے آسان نقل و حرکت کی فراہمی کے وڑن کے تحت میٹروپولیٹن کارپوریشن کوئٹہ کی جانب سے شہر بھر میں تجاوزات کے خلاف کارروائیوں کا سلسلہ جاری ہے۔
اسی سلسلے میں ایڈمنسٹریٹر میٹروپولیٹن کارپوریشن کوئٹہ بشیر احمد بڑیچ کی جانب سے قائم کردہ مانیٹرنگ نظام کے تحت زرغون زون میں تجاوزات کے خلاف موثر کارروائی عمل میں لائی گئی۔
زرغون زون انچارج نہال دین بگٹی کی سربراہی میں متعلقہ ٹیم نے شاہراہِ اقبال سے میزان چوک، پرنس روڈ، لیاقت بازار، فاطمہ جناح روڈ، مسجد روڈ سمیت شہر کے مختلف مرکزی بازاروں، تجارتی مراکز، ملحقہ مارکیٹوں اور گلیوں میں کارروائی کی۔
کارروائی کے دوران سڑکوں، فٹ پاتھوں اور عوامی گزرگاہوں پر قائم تجاوزات اور آمدورفت میں رکاوٹ بننے والے سامان کو ہٹا دیا گیا،جس سے شہریوں کی پیدل آمدورفت اور ٹریفک کی روانی کو بہتر بنانے میں مدد ملی۔
اس موقع پر متعدد ہوٹل مالکان، دکانداروں اور کاروباری افراد کو بھی واضح ہدایات اور وارننگ جاری کی گئی کہ سڑکوں، فٹ پاتھوں اور عوامی گزرگاہوں پر دوبارہ تجاوزات قائم کرنے سے گریز کیا جائے۔
خلاف ورزی کی صورت میں متعلقہ قوانین کے تحت بلاامتیاز اور سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
میٹروپولیٹن کارپوریشن کی انسدادِ تجاوزات کارروائیوں کا مقصد کسی فرد یا کاروباری طبقے کو مشکلات سے دوچار کرنا نہیں بلکہ، ٹریفک کی روانی میں بہتری، شہری نظم و ضبط کو مزید بہتر اور کوئٹہ شہر کو ایک صاف، خوبصورت اور منظم شہری مرکز کے طور پر اجاگر کرنا ہے

