کوئٹہ (الفجرآن لائن) چیف سیکرٹری بلوچستان شکیل قادر خان کی زیر صدارت سیکرٹریز کمیٹی کا ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں صوبائی محکموں کی کارکردگی اور جاری ترقیاتی منصوبوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس کے دوران چیف سیکرٹری نے انتظامی امور کو بہتر بنانے کے لیے کئی اہم احکامات جاری کیے۔ انہوں نے ضلعی دفاتر میں آفیسران اور عملے کی بروقت حاضری کو یقینی بنانے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ تمام آفیسران عوام کی خدمت کے لیے ہر وقت اپنی جائے تعیناتی پر موجود رہیں۔ انہوں نے غیر حاضر ملازمین کے خلاف سخت کارروائی اور حاضری کا ایک مضبوط نظام وضع کرنے کی ہدایت بھی جاری کی۔
چیف سیکرٹری شکیل قادر خان نے سرکاری وسائل کے مؤثر اور شفاف استعمال پر زور دیتے ہوئے ہدایت کی کہ ناکارہ اور پرانی سرکاری گاڑیوں کی کنڈیم نیشن اور نیلامی کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں۔ محکموں میں ملازمتوں اور ترقیوں کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ خالی آسامیوں کو بھرنے اور ملازمین کی ترقیوں میں شفافیت کو ہر صورت برقرار رکھا جائے گا، اور یہ تمام عمل صرف اور صرف میرٹ اور طے شدہ قواعد و ضوابط کے تحت ہی مکمل کیا جائے گا۔
عوامی سہولت اور معلومات تک رسائی کو بہتر بنانے کے لیے چیف سیکرٹری نے تمام سیکرٹریز کو ہدایت کی کہ وہ ‘رائٹ ٹو انفارمیشن’ کے قانون کے تحت فوری طور پر اپنے محکموں میں پرنسپل انفارمیشن آفیسرز مقرر کریں۔ اس کے ساتھ ہی انہوں نے تمام صوبائی محکموں کی ویب سائٹس کو فوری طور پر فعال اور اپڈیٹ رکھنے کا حکم دیا تاکہ حکومتی اقدامات اور معلومات تک عوام کی رسائی کو آسان بنایا جا سکے

