راولپنڈی(الفجرآن لائن)محکمہ موسمیات کی جانب سے اسلام آباد راولپنڈی سمیت خطہ پوٹھوہار میں 4 اور 5 ستمبر کو مزید بارشوں کی پیشگوئی کے پیش نظر کمشنر نے راولپنڈی ڈویژن کے تمام متعلقہ محکموں کو ہائی الرٹ رہنے اور تمام ضروری حفاظتی و انتظامی اقدامات یقینی بنانے کی ہدایات جاری کر دی ہیں اور کہا ہے کہ وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف کی خصوصی ہدایات کے مطابق ممکنہ بارشوں اور اربن فلڈنگ کے خطرے سے نمٹنے کے لیے تمام ادارے پیشگی انتظامات مکمل رکھیں واسا،
ریسکیو 1122، سول ڈیفنس، ضلعی انتظامیہ، میونسپل کارپوریشن، محکمہ صحت، پولیس، ٹریفک پولیس اور دیگر متعلقہ ادارے باہمی رابطے کے ساتھ فیلڈ میں موجود رہیں کمشنر نے ہدایت کی کہ بارش کے دوران نشیبی علاقوں میں نکاسی آب کے انتظامات کو ہر صورت یقینی بنایا جائے،
ڈی واٹرنگ سیٹس، پمپس، مشینری اور دیگر ضروری آلات کو فعال حالت میں رکھا جائے بارش کے دوران پانی کھڑا ہونے کی صورت میں فوری کاروائی کی جائے نالہ لئی اور دیگر نالوں کے اطراف آبادیوں کی مسلسل نگرانی کی جائے بجلی کے کھمبوں، تاروں، خطرناک عمارتوں، درختوں اور دیگر ممکنہ رسکی مقامات کے حوالے سے بھی خصوصی احتیاطی اقدامات کئے جائیں
اور متعلقہ محکمے کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری رسپانس یقینی بنائیں تمام ڈپٹی کمشنرز، اسسٹنٹ کمشنرز اور متعلقہ افسران فیلڈ میں موجود رہیں گے اور صورتحال کی مسلسل نگرانی کریں گے کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری طور پر ڈویژنل انتظامیہ کو رپورٹ کیا جائے۔

