پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں ایک بار پھر اضافہ، پیٹرول 2 روپے 84 پیسے اور ڈیزل 2 روپے 28 پیسے فی لیٹر مہنگا
اسلام آباد(الفجرآن لائن) وفاقی حکومت نے پیٹرول اور ہائی اسپیڈ ڈیزل (ایچ ایس ڈی) کی قیمتوں میں ایک مرتبہ پھر اضافہ کردیا، جس کے بعد ملک میں پیٹرولیم مصنوعات مزید مہنگی ہوگئی ہیں۔حکومت کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق پیٹرول کی قیمت میں 2 روپے 84 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا گیا ہے، جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت 2 روپے 28 پیسے فی لیٹر بڑھا دی گئی ہے۔نئی قیمتوں کا اطلاق فوری طور پر کردیا گیا ہے۔ پاکستان اسٹیٹ آئل کے ریکارڈ کے مطابق 3 ستمبر 2026 کو پیٹرول کی قیمت 346 روپے 16 پیسے فی لیٹر جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت 372 روپے 03 پیسے فی لیٹر درج ہے۔پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں تازہ اضافے کے بعد شہریوں کے لیے سفری اخراجات میں مزید اضافہ متوقع ہے۔
پیٹرول کی قیمت میں اضافے کا براہ راست اثر موٹر سائیکلوں، رکشوں، کاروں اور دیگر نجی ٹرانسپورٹ استعمال کرنے والے شہریوں پر پڑے گا۔دوسری جانب ڈیزل مہنگا ہونے سے مال بردار گاڑیوں، پبلک ٹرانسپورٹ، زرعی مشینری اور مختلف شعبوں کے آپریشنل اخراجات بڑھنے کا امکان ہے۔ ڈیزل کی قیمت میں اضافے کے نتیجے میں اشیائے خورونوش سمیت مختلف سامان کی ترسیل کی لاگت بھی متاثر ہوسکتی ہے۔حالیہ عرصے میں عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتوں میں اتار چڑھاؤ کے باعث پاکستان میں بھی پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مسلسل تبدیلیاں دیکھنے میں آرہی ہیں #/s

