کوئٹہ(الفجرآن لائن) صوبائی وزیر و رہنما پیپلز پارٹی حاجی علی مدد جتک کی جانب سے ان کی رہائش گاہ پر کھلی کچہری کا انعقاد کیا گیا، جس میں علاقے کے عوام نے بڑی تعداد میں شرکت کی اور اپنے مسائل و مشکلات سے آگاہ کیا۔حاجی علی مدد جتک نے عوام کی شکایات اور مسائل کو نہایت توجہ سے سنا اور متعلقہ حکام کو مسائل کے فوری ازالے کے لیے ضروری ہدایات جاری کیں۔
انہوں نے کہا کہ عوامی خدمت ان کی اولین ترجیح ہے اور لوگوں کو درپیش مسائل کے حل کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ عوام سے براہِ راست رابطہ اور ان کے مسائل ان کی دہلیز پر سننا ہی حقیقی عوامی نمائندگی ہے۔ عوامی مسائل کے حل میں کسی قسم کی غفلت یا تاخیر برداشت نہیں کی جائے گی۔اس موقع پر شہریوں نے حاجی علی مدد جتک کی جانب سے کھلی کچہری کے انعقاد اور عوامی مسائل سننے کے اقدام کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس طرح کے اقدامات سے عوام اور منتخب نمائندوں کے درمیان رابطہ مزید مضبوط ہوتا ہے۔

