کوئٹہ(الفجرآن لائن) بلوچستان کے ضلع کچھی کے شہر بھاگ میں سیکیورٹی فورسز اور مقامی غیور عوام نے مشترکہ جرات کا مظاہرہ کرتے ہوئے کالعدم بی ایل اے اور فتنۂ ہندوستان سے وابستہ دہشتگردوں کا ایک بڑا حملہ ناکام بنا دیا ہے۔ معاون برائے داخلہ بلوچستان، بابر یوسفزئی کے مطابق بلوچستان پولیس کے بہادر جوانوں اور مقامی شہریوں کی بروقت مزاحمت نے دہشتگردوں کو منہ توڑ جواب دیتے ہوئے ان کے ناپاک عزائم کو مٹی میں ملا دیا ہے۔
معاون داخلہ نے تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ سیکیورٹی فورسز اور عوام کے بھرپور جواب کے سامنے دہشتگرد ٹھہر نہ سکے اور بزدلی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنا بھاری اسلحہ اور گولہ بارود موقع پر ہی چھوڑ کر فرار ہو گئے۔ کارروائی کے دوران متعدد دہشتگردوں کے شدید زخمی ہونے کی بھی اطلاعات ہیں، جنہیں ان کے دیگر ساتھی فرار کے دوران اپنے ساتھ گھسیٹ کر لے گئے۔ پولیس اور مقامی آبادی کی اس فوری کارروائی نے صوبے کو ایک بڑی تباہی سے بچا لیا ہے۔بابر یوسفزئی نے بلوچستان پولیس اور بھاگ کے عوام کی مشترکہ جرات اور بہادری کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا۔ انہوں نے واشگاف الفاظ میں کہا کہ بھاگ کے شہریوں نے سیکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑے ہو کر امن دشمنوں کو یہ واضح پیغام دے دیا ہے کہ بلوچستان کی سر زمین پر دہشتگردی کے لیے کوئی جگہ نہیں ہے۔ دہشتگرد یاد رکھیں کہ صوبے کے عوام اور فورسز متحد ہیں اور انہیں کبھی کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔
انہوں نے مزید عزم کا اظہار کیا کہ بلوچستان میں امن و امان کی بحالی کی جنگ میں عوام اور قانون نافذ کرنے والے ادارے ایک پیج پر ہیں اور یہ کامیابی پوری قوم کے لیے باعثِ فخر ہے۔ بلوچستان حکومت صوبے سے دہشتگردی کی لعنت کے مکمل خاتمے تک چین سے نہیں بیٹھے گی اور ان شاء اللہ اس پاک سر زمین کو دہشتگردوں کے ناپاک عزائم سے ہمیشہ کے لیے پاک کر

