کوئٹہ(الفجرآن لائن) معاون وزیر اعلیٰ بلوچستان برائے اطلاعات و سیاسی امور شاہد رند نے کہا ہے کہ ضلع کچھی کے علاقے بھاگ ناڑی میں دہشت گردانہ حملے کے دوران زخمی ہونے والے پانچ سویلین شہریوں کو بہتر اور معیاری طبی سہولیات کی فراہمی کے لیے سکھر، لاڑکانہ اور کوئٹہ کے مختلف اسپتالوں میں منتقل کردیا گیا ہے، جہاں ماہر ڈاکٹرز کی زیر نگرانی ان کا علاج جاری ہے ایک بیان میں شاہد رند نے کہا کہ وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی خصوصی ہدایت پر زخمی شہریوں کی بروقت منتقلی، اسپتالوں میں داخلے اور علاج معالجے کے تمام انتظامات یقینی بنائے گئے ہیں۔
حکومت بلوچستان زخمی شہریوں کو ہر ممکن طبی سہولت فراہم کررہی ہے اور ان کے علاج کے عمل کی مسلسل نگرانی کی جارہی ہے انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ بلوچستان کی ہدایت پر متعلقہ حکام زخمیوں کی صحت سے متعلق مسلسل آگاہی حاصل کررہے ہیں، جبکہ متاثرہ خاندانوں اور متعلقہ اسپتالوں کے ساتھ بھی رابطہ برقرار رکھا گیا ہے تاکہ کسی بھی ضرورت کو فوری طور پر پورا کیا جاسکے۔ شاہد رند نے کہا کہ دہشت گردی کے واقعات میں زخمی ہونے والے شہریوں کے علاج معالجے میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ حکومت بلوچستان متاثرین اور ان کے اہل خانہ کو مشکل کی اس گھڑی میں تنہا نہیں چھوڑے گی اور انہیں ہر ممکن تعاون اور معاونت فراہم کی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ زخمی شہریوں کو بہترین ممکنہ طبی سہولیات کی فراہمی حکومت بلوچستان کی اولین ترجیح ہے اور اس مقصد کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جارہے ہیں۔ معاون وزیر اعلیٰ نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں حکومت بلوچستان شہریوں کے تحفظ، فلاح و بہبود اور متاثرین کی معاونت کے لیے تمام ضروری اقدامات جاری رکھے گی۔

