کوئٹہ (الفجرآن لائن)صوبائی مشیر برائے کھیل و امورِ نوجوانان محترمہ مینا مجید بلوچ کی ہدایت پر محکمہ کھیل و امورِ نوجوانان، حکومتِ بلوچستان کے تعاون سے اور بزمِ صائم ادبیات اکیڈمی کے زیرِ اہتمام یومِ دفاعِ پاکستان کی مناسبت سے گورنمنٹ گرلز کالج جناح ٹاؤن میں ایک شاندار محفلِ مشاعرہ کا انعقاد کیا گیا، جس میں بلوچستان کی مختلف زبانوں سے تعلق رکھنے والے معروف شعرا اور ادیبوں نے بھرپور شرکت کی۔
محفلِ مشاعرہ کی صدارت پشتو اور اردو کے معروف و سینئر شاعر جناب سرور سودائی نے کی، جبکہ رکنِ صوبائی اسمبلی جناب سنجے کمار تقریب کے مہمانِ خصوصی تھے۔تقریب میں پشتو، براہوی، بلوچی، اردو اور سندھی زبان کے معروف شعرا نے اپنے منتخب کلام کے ذریعے وطنِ عزیز سے محبت، قومی یکجہتی اور ملکی دفاع کے جذبے کو اجاگر کیا۔ اس موقع پر سرور جاوید، اعجاز امر، نورخان نواب،فرزانہ خدرزئی، محترمہ تسنیم صنم، محترم رشید حسرت، کامران قمر، زاہد دشتی، نور بلیدی اور دیگر شعرا نے اپنا کلام پیش کیا۔ گورنمنٹ گرلز کالج کی طالبات اور نوجوان شعرا نے بھی وطنِ عزیز سے محبت کے اظہار میں خوبصورت اور پُرجوش اشعار پیش کرکے حاضرین سے خوب داد وصول کی
۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مہمانِ خصوصی رکنِ صوبائی اسمبلی جناب سنجے کمار نے کہا کہ ملکی دفاع اور قومی شعور کی بیداری میں شاعروں اور ادیبوں نے اپنے قلم کے ذریعے جو کردار ادا کیا ہے، اسے ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ محترمہ مینا مجید بلوچ نے بلوچستان کی تمام زبانوں کے شعرا کو ایک پلیٹ فارم پر جمع کرکے نہ صرف ادب کی حوصلہ افزائی کی بلکہ قومی یکجہتی، بھائی چارے اور بین الثقافتی اور کثیر ال لثانی و ہم آہنگی کا ایک خوبصورت پیغام بھی دیا ہے۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان کی مختلف زبانیں اور ان کا ادب ہماری ثقافتی شناخت کا قیمتی سرمایہ ہیں اور ایسے پروگرام ان زبانوں کے درمیان محبت، ہم آہنگی اور باہمی احترام کو مزید فروغ دینے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ڈائریکٹر یوتھ افیئرز جناب سجاد اسلم بلوچ نے کہا کہ محکمہ امورِ نوجوانان نوجوانوں کی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے اور انہیں مثبت و تعمیری سرگرمیوں کے مواقع فراہم کرنے کے لیے ہر ممکن اقدامات جاری رکھے گا۔ انہوں نے کہا کہ شاعر اور ادیب کسی بھی معاشرے میں نہایت اہم کردار ادا کرتے ہیں، کیونکہ ان کا قلم معاشرے کی فکری اور ثقافتی سمت متعین کرنے میں معاون ہوتا ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ادب اور ثقافت کے فروغ کے لیے نوجوان شعرا اور ادیبوں کی بھرپور حوصلہ افزائی کی جائے گی اور انہیں اپنی صلاحیتوں کے اظہار کے مزید مواقع فراہم کیے جائیں گے۔محفل کے اختتام پر شعرا، نوجوانوں اور دیگر شرکاء میں انعامات اور اعزازات بھی تقسیم کیے گئے۔

