کوئٹہ (الفجرآن لائن) پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے کوئٹہ گیریژن کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے فیلڈ فارمیشنز کے کمانڈرز اور کمانڈنگ افسران سے اہم ملاقات کی۔ کوئٹہ گیریژن آمد پر کمانڈر کوئٹہ کور نے آرمی چیف کا استقبال کیا۔ دورے کے دوران سپہ سالار کو بلوچستان کی موجودہ سیکیورٹی صورتحال، آپریشنل تیاریوں اور صوبے میں امن و استحکام کے لیے جاری اقدامات پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔بریفنگ میں بلوچستان کی سماجی و اقتصادی ترقی کے لیے پاک فوج کے جاری تعاون کا بھی جائزہ لیا گیا۔
اس موقع پر آرمی چیف نے جوانوں کی اعلیٰ پیشہ ورانہ مہارت، بہترین آپریشنل تیاری اور بے لوث عزم کو سراہا۔ انہوں نے صوبے میں امن و امان کی فضا کو برقرار رکھنے کے لیے قانون نافذ کرنے والے اداروں اور دیگر ریاستی اداروں کے درمیان مسلسل اور مؤثر رابطے پر خصوصی زور دیا۔آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے اپنے خطاب میں کہا کہ مستحکم امن ایک ایسا ماحول فراہم کرتا ہے جو تمام معاشی سرگرمیوں کی نمو کے لیے سازگار ہوتا ہے۔ انہوں نے اس بات کا اعادہ کیا کہ بلوچستان کے عوام کا امن، خوشحالی اور فلاح و بہبود تمام ریاستی کوششوں کا بنیادی مرکز ہیں۔ ایک محفوظ اور مستحکم ماحول صوبے میں ترقیاتی اقدامات اور معاشی مواقع کو فروغ دینے میں معاون ثابت ہوگا۔دورے کے اختتام پر آرمی چیف نے امن کی خاطر جانوں کے نذرانے پیش کرنے والے شہداء کی عظیم قربانیوں کو خراجِ عقیدت پیش کیا اور ہر قسم کے چیلنجز کے سامنے افسران اور جوانوں کی ثابت قدمی اور اعلیٰ حوصلے کی تعریف کی۔

