کوئٹہ (الفجرآن لائن) بلوچستان کے قبائلی علاقے ڈیرہ بگٹی میں علم و شعور کی شمعیں روشن کرنے والے عظیم رہنما میر غلام قادر بگٹی کی دسویں برسی آج عقیدت و احترام سے منائی جارہی ہے۔ اس موقع پر پاکستان ہاؤس سوئی، بیکٹر، لوٹی سمیت مختلف مقامات پر عظیم رہنما کی یاد میں تعزیتی ریفرنسز کا انعقاد کیا گیا، جس میں قبائلی عمائدین، سیاسی و سماجی رہنماؤں اور عوام نے بڑی تعداد میں شرکت کر کے ان کی خدمات کو سراہا۔
وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے اپنے والدِ محترم میر غلام قادر بگٹی کی دسویں برسی پر انہیں زبردست خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ میر غلام قادر بگٹی نے علاقے میں علم، شعور اور سیاسی و سماجی بیداری کے فروغ میں کلیدی کردار ادا کیا۔ ان کی زندگی اصول پسندی، خودداری، علم دوستی اور اپنے لوگوں کی بے لوث خدمت سے عبارت تھی۔میر سرفراز بگٹی کا مزید کہنا تھا کہ "میر غلام قادر بگٹی میرے والد ہی نہیں بلکہ میرے پہلے استاد، رہنما اور زندگی میں میری فکری تربیت کرنے والی عظیم شخصیت تھے، جنہوں نے مجھے ہر مشکل حالات میں ثابت قدم رہنے، اصولوں پر قائم رہنے اور اپنے لوگوں کی خدمت کا درس دیا۔” انہوں نے عزم کا اظہار کیا کہ مرحوم کی جدوجہد اور خدمات نئی نسل کے لیے مشعلِ راہ ہیں اور ان کی اس روشن فکر میراث کو آگے بڑھانا ہماری سب سے بڑی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگرچہ انہیں ہم سے بچھڑے دس برس گزر چکے ہیں، لیکن ان کی یادیں اور دی ہوئی تربیت آج بھی ہمارے دلوں میں زندہ ہے

