کوئٹہ(الفجرآن لائن) وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے 6 ستمبر کے تاریخی موقع پر وطنِ عزیز کے دفاع کے لیے جانیں قربان کرنے والے شہداء اور غازیوں کو زبردست سلام پیش کیا ہے۔ اپنے خصوصی پیغام میں انہوں نے کہا کہ 6 ستمبر ملکی تاریخ کا ایک ناقابلِ فراموش دن ہے، جب 1965 میں پاک فوج کے بہادر جوانوں نے وطن کے دفاع کی عظیم اور لازوال مثال قائم کی۔

انہوں نے واضح کیا کہ شہداء کی قربانیاں پوری قوم کے لیے مشعلِ راہ ہیں اور ان کے خاندان ہمارے لیے انتہائی قابلِ احترام ہیں، جن کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کیا جا سکتا۔وزیراعلیٰ نے قومی یکجہتی پر زور دیتے ہوئے کہا کہ موجودہ حالات میں قومی اتحاد ہی پاکستان کی سب سے بڑی طاقت ہے، اور وطن کے دفاع کے لیے پوری قوم اور افواجِ پاکستان ایک پیج پر متحد ہیں۔
میر سرفراز بگٹی نے عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان کی آزادی، خودمختاری اور سلامتی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا اور ہر قیمت پر اس کا دفاع یقینی بنایا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ بلوچستان کے غیور عوام ملکی دفاع اور استحکام کے لیے ہمیشہ کی طرح آج بھی پوری طرح پرعزم ہیں

