کراچی(الفجرآن لائن) ایف بی آر نے کراچی میں ڈیجیٹل انوائسنگ کی خلاف ورزی پر سڑک پر کارروائی کرتے ہوئے سامان سے بھری 30 گاڑیاں روک کر ٹیکس وصول کیا۔
رپورٹ کے مطابق رجسٹرڈ کاروباری اداروں کی جانب سے سامان کی ترسیل کے لیے ڈیجیٹل ٹیکس انوائس جاری نہ کرنے کا انکشاف ہوا ہے، جس پر ایف بی آر نے کارروائی کرتے ہوئے ڈیجیٹل انوائس کے بغیر سامان لے جانے والی 30 گاڑیاں روک لیں۔
ایف بی آر کے مطابق اسکواڈ نے کارروائی کے دوران روکی گئی گاڑیوں سے واجب الادا ٹیکس وصول کیا، جس کے بعد تمام گاڑیوں کو جانے کی اجازت دے دی گئی۔
ایف بی آر کا کہنا ہے کہ سامان روانہ کرنے سے قبل ڈیجیٹل ٹیکس انوائس جاری کرنا لازمی قرار دیا گیا ہے، جس کا مقصد کاروباری لین دین میں شفافیت اور دستاویزی نظام کو یقینی بنانا ہے۔
اس حوالے سے چیمبر آف کامرس اور ٹیکس بار نے کاروباری برادری کو ڈیجیٹل انوائسنگ نظام پر مکمل عمل درآمد کی یقین دہانی کرائی ہے۔ حیدرآباد چیمبر بھی کاروباری برادری کو رضاکارانہ طور پر ڈیجیٹل انوائسنگ نظام اپنانے پر آمادہ کرے گا۔چیف کمشنر ایف بی آر سجاد اکبر خان نے مزید انفورسمنٹ کارروائیوں میں سہولت فراہم کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے کہا کہ کاروباری برادری کو قانون پر رضاکارانہ عمل درآمد کے لیے مکمل موقع دیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ ڈیجیٹل انوائسنگ میں شفافیت اور دستاویزی نظام پر عمل کیا جائے، جبکہ سہولت دینا قانون کے نفاذ سے دستبرداری نہیں بلکہ کاروباری طبقے کو رضاکارانہ تعمیل کا موقع فراہم کرنا ہے۔

