کندھ کوٹ،کراچی(الفجرآن لائن)کندھ کوٹ میں انڈس ہائی وے پر تیز رفتار مسافر کوچ الٹنے سے 6افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہوگئے۔ریسکیو حکام کے مطابق حادثہ کندھ کوٹ کے سوکر موڑ کے قریب پیش آیا جہاں تیز رفتار مسافر کوچ الٹ گئی جس کے نتیجے میں 6 افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہوگئے۔
لاشوں اور زخمیوں کو تعلقہ اسپتال تنگوانی اور تعلقہ اسپتال ٹھل منتقل کردیا گیا ۔ڈپٹی کمشنر کے مطابق شدید زخمیوں کو سکھر منتقل کرنے کے انتظامات کئے گئے ہیں۔
دوسری جانب کراچی کے علاقے کورنگی میں ڈمپر نے موٹرسائیکل کو ٹکر مار دی جس کے نتیجے میں ایک بچہ جاں بحق ہوگیا۔ایس ایس پی کورنگی کے مطابق حادثہ کورنگی نمبر 6 کے علاقے میں پیش آیا، ڈمپر کی ٹکر سے بچہ جاں بحق ہوا۔
حادثے کے بعد موقع پر موجود افراد نے ڈمپر ڈرائیور کو پکڑ لیا۔پولیس نے ڈرائیور کو ہجوم سے زخمی حالت میں گرفتار کیا۔
پولیس ترجمان کے مطابق بچے کی ہلاکت کے بعد موقع پر موجود افراد مشتعل ہوگئے اور احتجاج کرتے ہوئے ایک ڈمپر کو آگ لگا دی، جبکہ مشتعل افراد نے دوسرے ڈمپر کو بھی نقصان پہنچایا۔

