کوئٹہ (ویب ڈیسک) بلوچستان ایجوکیشن انڈومنٹ فنڈ نے صوبے کے ہونہار اور مستحق طلبہ کی حوصلہ افزائی کے لیے ایک اور بڑا اقدام اٹھایا ہے۔ بیف کے چیف ایگزیکٹو آفیسر (سی ای او) خالد ماندائی نے اسٹیلا کالج آف میڈیکل اینڈ الائیڈ سائنسز، کوئٹہ کے شعبہ ڈاکٹر آف فزیکل تھراپی کے 20 ہونہار طلباء و طالبات کے اسکالرشپ کے لیے منتخب ہونے پر انہیں اور ان کے والدین کو دلی مبارکباد پیش کی ہے۔سی ای او بیف خالد ماندائی کا کہنا تھا کہ باصلاحیت اور مستحق طلبہ کو اعلیٰ تعلیم کے یکساں مواقع فراہم کرنا ادارہ بیف کی بنیادی ترجیحات میں شامل ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ اسکالرشپ پروگرامز کے ذریعے صوبے کے ہونہار نوجوانوں کو مالی معاونت فراہم کی جا رہی ہے تاکہ وہ بغیر کسی تعطل کے اپنا تعلیمی سفر جاری رکھ سکیں اور مستقبل میں ملک و قوم، بالخصوص بلوچستان کی تعمیر و ترقی میں اپنا کلیدی کردار ادا کریں۔
میرٹ کی بنیاد پر منتخب ہونے والے ان 20 طلباء و طالبات کا تعلق بلوچستان کے مختلف اضلاع سے ہے، جن میں ضلع کوئٹہ، کچھی، قلعہ عبداللہ، پشین اور ژوب شامل ہیں۔ بیف حکام کے مطابق یہ طلبہ مختلف تعلیمی سیشنز (2021-25/26، 2022-26/27، 2023-27/28 اور 2024-28/29) سے تعلق رکھتے ہیں، جن میں بالترتیب دوسرے، تیسرے، چوتھے اور پانچویں سمسٹر کے طلبہ شامل ہیں۔خالد ماندائی نے مزید کہا کہ وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز احمد بگٹی کے تعلیم دوست وژن کے تحت صوبے میں میرٹ کی حوصلہ افزائی اور نوجوانوں کو اعلیٰ تعلیم کے مواقع دینے کے لیے عملی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ بلوچستان ایجوکیشن انڈومنٹ فنڈ اسی وژن کو آگے بڑھاتے ہوئے اس بات کو یقینی بنا رہا ہے کہ مالی مشکلات کی وجہ سے صوبے کا کوئی بھی باصلاحیت طالب علم اعلیٰ تعلیم کے حصول سے محروم نہ رہے


