اسلام آباد( الفجرآن لائن) وفاقی تعلیمی بورڈ نے انٹرمیڈیٹ پارٹ ون اور پارٹ ٹو کے سالانہ امتحانات 2026 کے نتائج کا اعلان کردیا۔ نتائج کی تقریب میں وفاقی وزیر تعلیم ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی،
جبکہ چیئرمین وفاقی تعلیمی بورڈ ڈاکٹر اکرام علی ملک نے خطبہ استقبالیہ پیش کیا۔ وفاقی تعلیمی بورڈ کے مطابق سالانہ امتحانات میں مجموعی طور پر 2 لاکھ 12 ہزار 416 امیدواروں نے شرکت کی۔
نتائج کی تیاری کے عمل میں 1237 افسران و اہلکاروں نے حصہ لیا، جبکہ امتحانات کے دوران نقل کے صرف 7 کیسز رپورٹ ہوئے۔ اعلان کردہ نتائج کے مطابق امیدواروں کی مجموعی پاسنگ پرسنٹیج 85.95 فیصد رہی۔
نتائج میں طالبات نے طلباء کے مقابلے میں بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور ان کی پاسنگ پرسنٹیج زیادہ رہی۔ وفاقی تعلیمی بورڈ کے مطابق امیدوار اپنے نتائج بورڈ کی ویب سائٹ پر تین مختلف ذرائع کے ذریعے چیک کر سکیں گے۔
امیدواروں کو نتائج تک رسائی کے لیے متعلقہ طریقہ کار اور ہدایات ویب سائٹ پر فراہم کی جائیں گی۔
حکام کے مطابق نتائج کی تیاری کے دوران شفافیت اور امتحانی نظام کی بہتری پر خصوصی توجہ دی گئی، جبکہ نقل کے خلاف مؤثر اقدامات کے باعث امتحانات میں بے ضابطگی کے صرف سات کیسز سامنے آئے۔

