حکومت وزیر اعظم شہباز شریف کے وژن کے تحت مزدوروں کو تعلیم، رہائش اور کیش لیس فلاحی سہولیات کی فراہمی کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے، محمد عون چوہدریاس
اسلام آباد(الفجرآن لائن): وزیر مملکت برائے سمندر پار پاکستانیز و انسانی وسائل کی ترقی جناب محمد عون چوہدری نے ورکرز ویلفیئر فنڈ سیکرٹریٹ اسلام آباد کا دورہ کیا۔ سیکرٹری ورکرز ویلفیئر فنڈ جناب ذوالفقار احمد اور دیگر اعلیٰ افسران نے معزز مہمان کا پر تپاک استقبال کیا۔ اس موقع پر وزیر مملکت کو ادارے کے انتظامی امور، جاری فلاحی منصوبوں اور صنعتی مزدوروں سمیت ان کے اہل خانہ کو فراہم کی جانے والی مختلف فلاحی سہولیات کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔وزیر مملکت جناب محمد عون چوہدری نے ملکی تاریخ میں ریکارڈ ریونیو اکٹھا کرنے پر سیکرٹری ورکرز ویلفیئر فنڈ جناب ذوالفقار احمد اور ان کی پوری ٹیم کو مبارکباد پیش کی اور ادارے کی شاندار کارکردگی کو سراہا۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت کی مزدور دوست پالیسیوں اور وفاقی وزیر برائے سمندر پار پاکستانیز چوہدری سالک حسین کی خصوصی کاوشوں کے نتیجے میں ورکرز ویلفیئر فنڈ صنعتی مزدوروں اور ان کے خاندانوں کو ہر ممکن فلاحی سہولیات فراہم کرنے کے لیے بھرپور انداز میں مصروفِ عمل ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ حکومت محنت کش طبقے کی فلاح و بہبود، ان کے بچوں کو معیاری تعلیم کی فراہمی اور رہائشی سہولیات کے ذریعے ان کے معیارِ زندگی کو بہتر بنانے کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے۔ وزیر مملکت نے ادارے کے نظام کو جدید ٹیکنالوجی سے ہم آہنگ بنانے اور کیش لیس پالیسی اختیار کرنے کے اقدامات کو بھی سراہا۔ انہوں نے کہا کہ فلاحی خدمات کی فراہمی میں شفافیت اور تیز رفتاری کے لیے ڈیجیٹل نظام کا نفاذ سرکاری اداروں میں جدید طرزِ حکمرانی کی ایک بہترین مثال ہے۔دورے کے اختتام پر سیکرٹری ورکرز ویلفیئر فنڈ جناب ذوالفقار احمد نے وزیر مملکت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے عزم ظاہر کیا کہ ادارہ محنت کشوں کی فلاح کے لیے اپنی ذمہ داریاں مزید بہتر انداز میں ادا کرتا رہے گا۔ تقریب کے آخر میں انہوں نے وزیر مملکت جناب محمد عون چوہدری کو ادارے کی جانب سے ایک یادگاری شیلڈ بھی پیش کی

