لاہور، کراچی( الفجر آن لائن) ملک بھر میں آٹے کی قیمتوں میں اضافے کے باعث شہریوں کی مشکلات بڑھ گئیں، آٹا 130سے 135 روپے فی کلو تک فروخت ہونے لگا ۔
میڈیارپورٹ کے مطابق ملتان کے شہریوں نے بڑھتی مہنگائی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے حکومت سے آٹے کی قیمت میں کمی اور فوری اقدامات کا مطالبہ کیا ہے۔
میڈیارپورٹ کے مطابق ملتان کے مختلف علاقوں میں آٹے کی قیمت 130 سے 135 روپے فی کلو تک پہنچ گئی ہے، جبکہ 15 کلو آٹے کا تھیلا تقریبا 2 ہزار روپے میں دستیاب ہے۔
بعض شہریوں کے مطابق 15 کلو کے تھیلے کی قیمت 2 ہزار 100 روپے تک بھی وصول کی جارہی ہے۔آٹے کی قیمتوں میں مسلسل اضافے نے
بالخصوص کم آمدنی والے طبقے کے گھریلو بجٹ کو شدید متاثر کیا ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ روزمرہ اخراجات پہلے ہی پورے کرنا مشکل ہے ایسے میں بنیادی ضرورت کی اشیا میں مسلسل اضافہ ان کی مشکلات میں مزید اضافہ کررہا ہے۔
متاثرہ شہریوں نے شکوہ کیا ہے کہ یومیہ اجرت پر کام کرنے والے طبقے کیلئے مہنگائی کا مقابلہ کرنا انتہائی مشکل ہوگیا ہے۔
ایک شہری کا کہنا تھا کہ کبھی روزگار ملتا ہے اور کبھی نہیں ملتا، ایسے میں 15 کلو آٹے کا تھیلا 2 ہزار روپے میں خریدنا مشکل ہوگیا ہے، جبکہ ایک کلو آٹا بھی 135 سے 140 روپے میں مل رہا ہے۔
شہریوں نے حکومت سے سوال کیا کہ بڑھتی مہنگائی میں غریب عوام اپنے گھر کا چولہا کیسے جلائیں اور بنیادی ضروریات کیسے پوری کریں۔دوسری جانب آٹے کے ڈیلرز کا کہنا ہے کہ قیمتوں میں اضافے کے باعث آٹے کی فروخت میں بھی کمی واقع ہوئی ہے، کیونکہ عوام کی قوتِ خرید جواب دے چکی ہے۔
ڈیلرز کے مطابق وہ ہول سیل نرخوں پر معمولی منافع کے ساتھ آٹا فروخت کررہے ہیں، تاہم قیمتوں میں مسلسل اضافے کے باعث کاروبار بھی متاثر ہورہا ہے۔
آٹے کے تاجروں کا کہنا ہے کہ قیمتوں میں مسلسل اضافے کے باوجود اس صورتحال کا موثر نوٹس نہیں لیا جارہا، جس کے باعث ان کی فروخت میں کمی آئی ہے۔
شہریوں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ آٹے کی قیمتوں میں کمی کے لئے فوری اور مثر اقدامات کیے جائیں اور عوام کو بڑھتی مہنگائی کے بوجھ سے ریلیف فراہم کیا جائے۔

