کوئٹہ (ویب ڈیسک) مستونگ کے علاقے کانک میں پولیس چوکی پر نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ کے نتیجے میں ایک پولیس اہلکار شہید اور ایک زخمی ہو گیا۔ حکومتِ بلوچستان نے واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ بزدلانہ کارروائیاں امن و امان کو سبوتاژ نہیں کر سکتیں اور دہشت گردوں کے خلاف بلاامتیاز آپریشن جاری رہے گا۔معاونِ وزیر اعلیٰ بلوچستان برائے اطلاعات و سیاسی امور شاہد رند نے مستونگ فائرنگ واقعے کی سخت الفاظ میں مذمت کی ہے۔ اپنے ایک مذمتی بیان میں انہوں نے کہا کہ پولیس چوکی پر حملہ کرنے والے عناصر صوبے کا امن تباہ کرنا چاہتے ہیں، تاہم ان کے ناپاک عزائم کو کبھی کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔
انہوں نے حملے کے دوران بہادری سے مقابلہ کرنے پر پولیس اہلکاروں کو خراجِ تحسین پیش کیا اور بتایا کہ شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد مسلح افراد موقع سے فرار ہونے میں مجبور ہوئے۔معاونِ اطلاعات شاہد رند نے فائرنگ کے واقعے میں سپاہی عزت اللہ کی شہادت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے شہید کے لواحقین سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کی قربانیاں صوبے میں امن کے قیام کے عزم کا منہ بولتا ثبوت ہیں اور شہداء کا خون کبھی رائیگاں نہیں جائے گا۔ شاہد رند نے واقعے میں زخمی ہونے والے سپاہی نصیب اللہ کی جلد اور مکمل صحت یابی کے لیے بھی خصوصی دعا کی۔شاہد رند نے حکومتی عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ امن دشمن عناصر کے خلاف ریاستی عزم کو ایسے بزدلانہ حملوں سے کمزور نہیں کیا جا سکتا۔ بلوچستان میں دہشت گرد عناصر کے خاتمے کے لیے کارروائیاں بلاامتیاز جاری رہیں گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ صوبائی حکومت بلوچستان میں دیرپا امن، استحکام اور شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لا رہی ہے اور صوبے کو امن کا گہوارہ بنا کر دم لیا جائے گا

