کوئٹہ (الفجرآن لائن) وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے مستونگ کے علاقے کانک میں پولیس چوکی پر دہشت گردوں کی فائرنگ کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔ اپنے ایک خصوصی بیان میں انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں نے ایک بار پھر بزدلانہ کارروائی کرتے ہوئے امن کے محافظوں کو نشانہ بنایا ہے، لیکن دہشت گردی کے ذریعے بلوچستان کا امن تباہ کرنے کی ہر سازش اور کوشش کو ہر قیمت پر ناکام بنایا جائے گا۔
وزیر اعلیٰ نے حملے میں جامِ شہادت نوش کرنے والے پولیس سپاہی عزت اللہ کی شہادت پر دلی رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ شہید کی قربانی کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔ انہوں نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پولیس اور تمام سیکیورٹی فورسز کی لازوال قربانیوں کو ناقابلِ فراموش قرار دیا۔ میر سرفراز بگٹی نے واقعے میں زخمی ہونے والے سپاہی نصیب اللہ کی جلد صحت یابی کے لیے دعا بھی کی۔دہشت گرد عناصر کو سخت انتباہ دیتے ہوئے وزیر اعلیٰ بلوچستان نے واضح کیا کہ دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کے خلاف جاری کارروائیوں میں کسی قسم کی نرمی نہیں برتی جائے گی۔ انہوں نے سیکیورٹی اداروں کو ہدایت کی کہ دہشت گرد جہاں کہیں بھی چھپے ہوں، انہیں تلاش کر کے منطقی انجام تک پہنچایا جائے۔ میر سرفراز بگٹی کا کہنا تھا کہ امن کے محافظوں کا خون رائیگاں نہیں جائے گا، بلوچستان کے عوام اور قانون نافذ کرنے والے ادارے اس ناسور کے خلاف مکمل متحد ہیں اور ہمارا عزم غیر متزلزل ہے۔

