*کوئٹہ(الفجرآن لائن) وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی، چیف سیکرٹری بلوچستان شکیل قادر خان اور سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو قمبر دشتی کی عوام دوست پالیسیوں اور میرٹ پر مبنی اقدامات کے نتیجے میں گزشتہ ایک سال کے دوران نصیر آباد ڈویژن میں صحت، تعلیم اور محکمہ ریونیو کے شعبوں میں بڑے پیمانے پر تقرریاں عمل میں لائی گئی ہیں کمشنر نصیر آباد ڈویژن صلاح الدین نورزئی کی سربراہی میں قائم ڈویژنل کمیٹی کے ذریعے مختلف محکموں میں برسوں سے خالی پڑی آسامیوں کو میرٹ کی بنیاد پر پُر کیا گیا جس کے باعث متعلقہ شعبوں کی کارکردگی میں نمایاں بہتری آئی ہے اور عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی کا عمل بہتر ہوا ہے محکمہ صحت میں 296 ڈاکٹرز، فارماسسٹ اور ڈینٹل سرجنز کی تعیناتی عمل میں لائی گئی، جس سے ڈویژن کے مختلف علاقوں میں طبی سہولیات کی فراہمی اور صحت عامہ کی خدمات میں بہتری آئی ہے محکمہ تعلیم میں بھی گزشتہ ایک سال کے دوران چار مراحل میں 2054 مرد و خواتین اساتذہ کو میرٹ کی بنیاد پر تعینات کیا گیا۔
کمشنر اور ڈپٹی کمشنرز کی نگرانی میں محکمہ تعلیم کی پالیسی پر عمل درآمد کے نتیجے میں ڈویژن کے 560 ایسے اسکول دوبارہ فعال ہو گئے جو اساتذہ کی عدم دستیابی کے باعث بند تھے محکمہ ریونیو میں بھی سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو کی خصوصی ہدایات پر اہم پیش رفت ہوئی۔ 66 ملازمین کو مستقل بنیادوں پر جبکہ 87 پٹواریوں کو عارضی بنیادوں پر تعینات کیا گیا ہے۔ ان تقرریوں میں ایسے امیدوار بھی شامل ہیں جو طویل عرصے سے میرٹ پر اپنی تقرری کے منتظر تھے تقریباً تین دہائیوں سے پٹواری کی تقرری کے منتظر امیدوار عبدالجبار اور محمد صدیق کو بھی بالآخر میرٹ کی بنیاد پر تقرری کے احکامات جاری کیے گئے عبدالجبار نے اپنے تاثرات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ مایوس ہو کر گھر بیٹھ گئے تھے، تاہم امید کی کرن کبھی نہ کبھی ضرور روشن ہوتی ہے۔ انہوں نے میرٹ کی بنیاد پر تقرریوں کے احکامات جاری کرنے والے اعلیٰ حکام کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا محمد صدیق نے کہا کہ انہوں نے 1992 میں پٹوار کا کورس مکمل کیا تھا اور طویل عرصے تک مختلف سرکاری دفاتر کے چکر لگاتے رہے، تاہم اب وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی، چیف سیکرٹری شکیل قادر خان اور کمشنر آفس کی کاوشوں سے انہیں میرٹ کے مطابق تقرری کا حکم نامہ جاری کیا گیا ہے انہوں نے کہا کہ انہیں فون کرکے دفتر بلایا گیا اور تقرری کا حکم نامہ حوالے کیا گیا جو ان کے لیے طویل انتظار کے بعد بڑی خوشی کا باعث ہے حکام کے مطابق نصیر آباد ڈویژن میں ہونے والی یہ تمام تقرریاں اعلیٰ حکام کی ہدایات پر شفافیت، میرٹ اور قواعد و ضوابط کو یقینی بناتے ہوئے مکمل کی گئی ہیں ان اقدامات کا بنیادی مقصد سرکاری اداروں میں خالی آسامیوں کو پُر کرکے عوام کو صحت، تعلیم اور ریونیو سمیت بنیادی سرکاری خدمات کی بہتر فراہمی یقینی بنانا ہے۔

