
پٹرول کمی کا ریلیف کرایوں میں کمی کی صورت میں عوام کو پہنچایا جائے، کوتاہی برداشت نہیں کی جائیگی، وزارت ٹرانسپورٹ، پولیس کو ہدایت
لاہور : وزیراعلی پنجاب مریم نواز نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے باوجود ٹرانسپورٹ کرائے کم نہ ہونے پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے عوام کو ریلیف پہنچانے کی ہدایت کردی۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعلی پنجاب مریم نواز نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی 35 روپے کمی کے باوجود ٹرانسپورٹرزکی جانب سے کرائے کم نہ کرنے کا نوٹس لیتے ہوئے اجلاس طلب کرلیا۔ اجلاس میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا حقیقی ریلیف عوام تک پہنچانے بارے معاملات زیر غور آئے۔
وزیراعلی نے وزارت ٹرانسپورٹ ، شکایات و معائنہ کمیشن اور پولیس کو کرائے کم نہ کرنے والے ٹرانسپورٹرز کیخلاف فوری آپریشن شروع کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ پٹرول میں کمی کا بڑا ریلیف کرایوں میں کمی کی صورت عوام کو پہنچایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ روٹی اور کرایوں سمیت دیگر اشیا کی قیمتوں کو سرکاری نرخوں پر قائم رکھنے کو یقینی بنایا جائے، اس سلسلے میں کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔