![](https://alfajaronline.com/wp-content/uploads/2024/06/hajj-pilgrim-death-toll-205703781-16x9_0.jpg)
عازمین کو بے یارو مددگار چھوڑنے کے سوشل میڈیا پر الزامات بے بنیاد ہیں، ہم سعودی حکومت کی معلومات پر بھروسہ ،بعدازاں خود بھی تصدیق کرتے ہیں،ڈی جی حج
اسلام آباد (الفجرآن لائن) وزارت مذہبی امور نے 35پاکستانی حجاج کے انتقال کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ عازمین کو بے یارو مددگار چھوڑنے کے سوشل میڈیا پر الزامات بے بنیاد ہیں، ہم سعودی حکومت کی معلومات پر بھروسہ اور بعدازاں خود بھی تصدیق کرتے ہیں ۔
تفصیلات کے مطابق وزارت مذہبی امور نے 35پاکستانی حجاج کے انتقال کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا ہے کہ 18جون کی سہ پہر 4بجے تک مشاعر میں 9پاکستانیوں کی اموات ہوئیں، منی میں 4، عرفات 3اور مزدلفہ میں 2پاکستانیوں کی اموات ہوئیں۔ڈی جی حج عبدالوہاب سومرو نے بتایا کہ 20پاکستانی حجاج کی اموات مکہ اور 6 مدینہ میں ہوئیں۔ڈی جی حج نے بتایا کہ درجہ حرارت 50ڈگری ہونے کے سبب یہ حج مشکل تھا۔انہوں نے کہا کہ عازمین کو بے یارو مددگار چھوڑنے کے سوشل میڈیا پر الزامات بے بنیاد ہیں، ہم سعودی حکومت کی معلومات پر بھروسہ اور بعدازاں خود بھی تصدیق کرتے ہیں۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ کسی بھی حاجی کی وفات ہونے پر ہمیں اطلاع دی جاتی ہے، سعودی حکومت کے نظام کے تحت ورثاء سے تدفین کی اجازت مانگی جاتی ہے، بعد میں غسل دے کر حرمین میں نمازِ جنازہ ادا کر کے تدفین کی جاتی ہے یا پھر وارثین کی خواہش کے مطابق حاجی کی میت پاکستان پہنچانے کے انتظامات کئے جاتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ان معاملات میں سعودی حکومت ہمارے ساتھ بھرپور تعاون کرتی ہے۔