![](https://alfajaronline.com/wp-content/uploads/2024/06/5782a87d25405.jpg)
اسلام آباد (الفجرآن لائن) وفاقی وزیر توانائی اویس لغاری نے خیبرپختونخوا کے گرڈ سٹیشنز میں مداخلت کرنے پر اہم شخصیات کیخلاف مقدمے کے اندراج کیلئے وزیر داخلہ محسن نقوی کو خط تحریر کردیا۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر توانائی اویس لغاری نے خیبرپختونخوا کے گرڈ سٹیشنز میں مداخلت پر اہم شخصیات کیخلاف مقدمہ درج کرنے کیلئے وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کو خط تحریر کیا ہے۔ خط میں کہا گیا ہے کہ خیبر پختونخوا میں ذمہ دار اہم شخصیات گرڈ اسٹیشنز کے احاطے میں مظاہروں کی قیادت کر رہی ہیں،
بجلی بندش کی وجہ سے ایسے واقعات مردان، چارسدہ، ٹانک، بنوں اور پشاور میں پیش آرہے ہیں جبکہ ارکان صوبائی اسمبلی اورمیئرزگرڈ سٹیشنز پر عملے کو بجلی بحالی کیلئے غیرقانونی احکامات دے رہے ہیں۔
خط میں کہا گیا ہے کہ پولیس ذمہ داروں کیخلاف ایف آئی آر کے اندراج سے بھی گریز کر رہی ہے، اسی طرح دوسرے اضلاع میں بھی لوگوں کو قانون ہاتھ میں لینے کے ترغیب دی جا رہی ہے، تمام قانون نافذ کرنیوالے اداروں کو خیبرپختونخوا میں گرڈ سٹیشنز کی حفاظت کی ہدایت کی جائے اور سکیورٹی اداروں کو غیر متعلقہ افراد کوگرڈ سٹیشنز کے اندر داخل ہونے سے روکنے کا حکم دیاجائے۔خط میں کہا گیا ہے کہ پولیس کو غیرقانونی طریقے سے بجلی بحال کرانے والوں کے خلاف ایف آئی آر کے اندراج کا حکم دیاجائے اور ساتھ ہی غیر متعلقہ افراد کو گرڈ سٹیشنز میں داخلے سے بھی روکا جائے۔