چیئرپرسن بی آئی ایس پی کی عالمی کانفرنس میں شرکت، بینظیر ہنرمند پروگرام اور ڈیجیٹل والٹ نظام کو مستحق خاندانوں کی معاشی ترقی اور شفاف ادائیگیوں کے لیے اہم پیش رفت قرار دے دیا
اسلام آباد (الفجرآن لائن): چیئرپرسن بینظیر انکم سپورٹ پروگرام (بی آئی ایس پی) سینیٹر روبینہ خالد نے کہا ہے کہ غربت کے پائیدار خاتمے، معاشی خودمختاری اور جامع ترقی کے لیے مستحق افراد کو مارکیٹ کی ضروریات کے مطابق ہنر فراہم کرنا اور انہیں روزگار کے مواقع سے منسلک کرنا ضروری ہے۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار پاکستان پاورٹی ایلیوی ایشن اینڈ سوشل سیفٹی فنڈ (پی پی اے ایف) کے زیر اہتمام عالمی کانفرنس برائے جامع اور لچکدار معاشی خودمختاری و ترقی 2026ء میں بطور پینلسٹ شرکت کے دوران کیا۔
کانفرنس میں ’’غربت سے نکلنے کے عمل کو وسعت دینا: سماجی تحفظ، کمیونٹی ڈویلپمنٹ، معاشی خودمختاری اور جامع انسانی ترقی کے درمیان رابطہ‘‘ کے عنوان سے منعقدہ پینل مباحثے میں سینیٹر روبینہ خالد نے بی آئی ایس پی کے کردار پر روشنی ڈالی۔
انہوں نے بتایا کہ بینظیر ہنرمند پروگرام افراد کو مارکیٹ سے مطابقت رکھنے والی پیشہ ورانہ مہارتیں فراہم کرنے اور انہیں روزگار کے مواقع سے منسلک کرنے کے ذریعے انسانی ترقی اور پائیدار معاشی خودمختاری کو فروغ دیتا ہے۔ اس پروگرام کا مقصد مستحق افراد کو معاشی طور پر بااختیار بنانے اور انہیں غربت سے نکلنے کے قابل بنانا ہے۔
چیئرپرسن بی آئی ایس پی نے جامع معاشی ترقی کے فروغ اور پسماندہ طبقات کے معیارِ زندگی میں بہتری کے لیے حکومتی محکموں اور متعلقہ فریقین کے درمیان مؤثر رابطے اور اشتراکِ عمل کی اہمیت پر زور دیا۔
انہوں نے کہا کہ معاشی مواقع میں اضافے اور سماجی تحفظ کے اقدامات کو مؤثر بنانے کے لیے تمام متعلقہ اداروں کو مربوط حکمتِ عملی کے تحت کام کرنا چاہیے، تاکہ معاشرے کے محروم طبقات بھی ترقی کے عمل میں بھرپور حصہ لے سکیں۔
سینیٹر روبینہ خالد نے بی آئی ایس پی کے مستحقین کے لیے ڈیجیٹل والٹ نظام کے آغاز کو مالیاتی شمولیت کی جانب ایک اہم پیش رفت قرار دیا۔ ان کے مطابق یہ نظام مالی امداد تک آسان رسائی، ادائیگیوں میں سہولت اور شفافیت بڑھانے میں مددگار ثابت ہو سکتا ہے۔
انہوں نے ڈیجیٹل مالیاتی سہولیات کی اہمیت اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ ٹیکنالوجی کے مؤثر استعمال سے مستحق خاندانوں تک مالی امداد کی فراہمی کو مزید آسان اور شفاف بنایا جا سکتا ہے۔
عالمی کانفرنس میں وفاقی وزیر برائے تخفیفِ غربت و سماجی تحفظ سید عمران احمد شاہ، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ اور پی پی اے ایف کے چیف ایگزیکٹو آفیسر نادر گل بریچ نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا۔
دیگر پینلسٹس میں صحافی سید طلعت حسین، رورل سپورٹ پروگرام نیٹ ورک کی چیف ایگزیکٹو شاندانہ خان، سینٹر فار ایویلیوایشن اینڈ ڈویلپمنٹ کی ریسرچ ڈائریکٹر ڈاکٹر عتیقہ پاشا، دیہی ترقی کے ماہر اور آئی ایف اے ڈی کے لیڈ پراجیکٹ اکنامک اینڈ فنانشل اینالسٹ غلام نبی مری، اور نومیڈ گیلری کی بانی نگین حیات شامل تھے۔
کانفرنس کے اختتام پر وفاقی وزیر برائے تخفیفِ غربت و سماجی تحفظ سید عمران احمد شاہ نے چیئرپرسن بی آئی ایس پی سینیٹر روبینہ خالد کو یادگاری شیلڈ پیش کی۔ کانفرنس میں غربت کے خاتمے، سماجی تحفظ، ہنرمندی کے فروغ اور معاشی خودمختاری کے لیے مربوط اقدامات کی اہمیت کو اجاگر کیا گیا۔

